اسکالرشپ کے لئے مرکزی وزیر اقلیتی امور مختارعباس نقوی سے شفیع الدین کمٹھانہ نےکی نمائندگی، مرکزی وزیرنےجلد کاروائی کا دیا تیقن
بیدر۔18/جولائی(وائی آر) محمدشفیع الدین صدرروشن ایجوکیشن ٹرسٹ کمٹھانہ کی اطلاع کے مطابق 17/جولائی کی صبح اقلیتی امور کے مرکزی وزیر جناب عباس نقوی کی قیام گاہ موقوعہ صفدرجنگ روڈ دہلی پہنچ کر ریاست کرناٹک کے مسلم مینارٹی طلبہ وطالبات کے سال گذشتہ 2018-19کے پری میٹرک اور پوسٹ میٹرک اسکالرشپ اور حضرت محل مولانا آزاد اسکالرشپ جاری کرنے کے لئے نمائندگی کی۔
محمد شفیع الدین نے مرکزی وزیر سے بتایاکہ امسال طلبہ کو اسکالرشپ نہ ملنے سے اولیائے طلبہ اور والدین پریشان ہیں۔ اس پریشانی کاحل سوائے اس کے کچھ نہیں ہے کہ مرکزی حکومت کی اقلیتی امورکی وزارت فوری طورپر تینوں قسم کے اسکالرشپ جاری کرنے کااعلا ن کرے اور اس پر فوری عمل آوری ہو۔
جناب مختار عباس نقوی وزیراقلیتی امورمرکزی حکومت نے تیقن دیاکہ وہ اس ضمن میں جلد از جلد احکامات جاری کریں گے۔ واضح رہے کہ بیدر سے محمدشفیع الدین پہلے فرد ہیں جنہوں نے کرناٹک کے اقلیتی طلبہ کے لئے دہلی پہنچ کر نمائندگی کی۔ انھوں نے روشن ایجوکیشن ٹرسٹ کی جانب سے دی گئی یادداشت میں یہ بھی بتایاکہ مذکورہ ٹرسٹ کے تحت دیہی سطح پر دوہائی اسکول اور ایک کالج چلایاجاتاہے۔جس کی بدولت مسلمان اور دیگر طبقات کے طلبہ اس میں تعلیم حاصل کرپاتے ہیں۔
کمٹھانہ دیہات کی بڑی آبادی خط غربت سے نیچے زندگی گذارتی ہے۔ اگر اسکالرشپ جاری کی جاتی ہے تو اس سے کمٹھانہ کے طلبہ بھی مستفید ہوں گے۔ اس بات کی اطلاع روشن ایجوکیشن ٹرسٹ کمٹھانہ نے دی ہے۔