آندھرا پردیش: پانی کو لے کر دو خواتین کے درمیان جھگڑا، ایک کی موت
حیدرآباد: پانی کے مسئلہ پر دو خواتین کے درمیان معمولی سے جھگڑے میں ایک خاتون کی موت واقع ہوگئی۔ یہ افسوسناک واقعہ آندھرا پردیش کے سریکاکولم ضلع کے سوم پیٹ ٹاون میں پیش آیا۔تفصیلات کے مطابق پلی ویدھی علاقہ میں سرکاری اسکیم کے تحت روزانہ پینے کا پانی سپلائی کیا جاتا ہے اور علاقہ کے مکین اپنے اپنے گھڑوں کو قطار میں رکھ پانی حاصل کرتے ہیں۔ پانی حاصل کرنے کے دوران 36 سالہ پدما اور 40 سالہ سندراماں کے درمیان جھگڑا ہوگیااور بات مار پیٹ تک پہنچ گئی۔ اس دوران سندراماں نے پدما پر گھڑے سے سر پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں پدما وہیں گر گئی۔مقامی افراد نے اسے اسپتال منتقل کیا تب تک پدما مر چکی تھی۔پدما کے شوہر کی شکایت پر پولیس نے سندراماں کے خلاف قتل کا معاملہ درج کرلیا۔