وراٹ کوہلی نےکپتانی ہاتھ سے چلےجانے کی گھبراہٹ میں اُٹھایا بڑا قدم
ہندوستانی ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی ویسٹ انڈیز دورہ پر جا سکتے ہیں۔ وراٹ کوہلی ایک مہینے کے اس دورے پر ونڈے، ٹی-20 سیریز کے ساتھ ہی ٹیسٹ سیریز کا بھی حصہ ہوں گے۔ پہلے خبر گرم تھی کہ وراٹ کوہلی اور تیز گیندباز جسپریت بمراہ کو ویسٹ انڈیز دورہ کے لیے آرام دیا جا سکتا ہے۔ لیکن ایک اخبار کی رپورٹ کے مطابق اب وراٹ کوہلی ویسٹ انڈیز دورے پر جا سکتے ہیں۔
اس خبر کے بعد یہ بحث شروع ہو گئی ہے کہ آخر وراٹ کوہلی ویسٹ انڈیز دورے پر کیوں جانا چاہتے ہیں؟ ماہرین کا کہنا ہے کہ دراصل وراٹ کوہلی کو لگتا ہے کہ اگر وہ ویسٹ انڈیز دورے پر نہیں گئے تو ان کی کپتانی ہمیشہ کے لیے جا سکتی ہے۔ میڈیا رپورٹس میں کہا جا رہا ہے کہ سلیکٹرس روہت شرما کو یک روزہ اور ٹی-20 اور وراٹ کوہلی کو صرف ٹیسٹ ٹیم کا کپتان بنانے پر غور کر رہے ہیں۔ لیکن باضابطہ طور پر اس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
غور طلب ہے کہ ٹیم انڈیا کا ویسٹ انڈیز دورہ 3 اگست سے شروع ہو رہا ہے۔ اس دورے میں تین ٹی-20 میچ، تین ونڈے میچ اور 2 ٹیسٹ میچ کھیلے جائیں گے۔ دورے کی شروعات ٹی-20 میچوں سے ہوگی۔ اس کے بعد ونڈے سیریز 8 اگست سے کھیلی جائے گی۔ آخر میں 22 اگست سے پہلا ٹیسٹ شروع ہوگا اور دوسرا ٹیسٹ 30 اگست سے کھیلا جائے گا۔
اس دورے کے لیے ٹیم انڈیا کا انتخاب 19 جولائی کو ہو سکتا ہے۔ خبریں ہیں کہ ایم ایس دھونی بھی اس دورے پر ٹیم انڈیا کا حصہ نہیں ہوں گے۔ شکھر دھون کے تعلق سے بتایا جاتا ہے کہ وہ بھی ویسٹ انڈیز دورے پر نہیں جائیں گے۔