ممبئی میں 4منزلہ عمارت منہدم،2 ہلاک، 50 لوگوں کے پھنسے ہونے کا خدشہ
ممبئی: جنوبی ممبئی کے ڈونگری علاقہ میں منگل کے روز چار منزلہ عمارت منہدم ہو گئی، جس کے ملبے میں تقریباً 50 افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔ بی ایم سی محکمہ آفات کنٹرول کے ایک افسر نے یہ اطلاع دی۔
قیصر بائی نامی یہ عمارت منگل کی صبح 11.30 بجے منہدم ہوگئی۔ واقعہ کے بعد فائر بریگیڈ کی ٹیم، پولس اور ڈیزاسٹر منیجمنٹ کی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر حفاظتی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔
یہ عمارت عبد الحمید شاہ درگاہ کے پیچھے موجود ہے اور کافی پرانی ہو چکی تھی۔ عمارت میں کئی خاندان رہائش پذیر تھے۔ فائر بریگیڈ اور این ڈی آر ایف کی ٹیمں موقع پر پہنچ گئی ہیں اور راحت و حفاظتی مہم کا آغاز کر دیا ہے، این ڈی آر ایف کے مطابق گلی تنگ ہونے کی وجہ سے حفاظتی کاموں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق عمارت تقریباً 100 سال پرانی ہے اور اس میں 8 سے 10 خاندان رہائش پذیر تھے۔ جس وقت عمارت منہدم ہوئی اس وقت اس میں 40-50 افراد موجود تھے۔ ایک بچے کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا ہے۔ دیگر ملبے میں دبے لوگوں کو باہر نکالنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ مہارشٹر کے متعدد علاقوں میں بارش نے تباہی مچائی ہوئی ہے۔ اسی درمیان شمال مغرب ممبئی کے ملاڈ میں 2 جولائی کو علی الصبح ایک دیوار کے منہدم ہو جانے کی وجہ سے 13 لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔ وہیں پونے میں بھی ایک دیوار منہدم ہونے کے باعث سات لوگوں کی موت ہو گئی۔
اس کے علاوہ 2 جولائی کو ہی پونے میں بھی سنگھ گڑھ کالج کے احاطہ کی دیوار اس سے ملحقہ کچھ جھگیوں پر آ گری جس کی وجہ سے سات افراد جان بحق ہو گئے تھے۔