ملک میں کسانوں کی حالت بے حد خراب ہے،حکومت آر بی آئی کو ہدایت دے کہ وہ کسانوں کو دھمکی دینا بند کیا جائے۔ لوک سبھا میں راہل گاندھی کا بیان
لوک سبھا میں کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے کسانوں کی بدحالی کا ایشو آج پرزور طریقے سے اٹھایا۔ انھوں نے کہا کہ میرے پارلیمانی حلقہ وائناڈ میں کسان خودکشی کر رہے ہیں، 8 ہزار کسانوں کو بینک قرض نہ ادا کرنے پر نوٹس بھیجا گیا ہے۔ راہل گاندھی نے مزید کہا کہ کیرالہ میں 18 کسانوں نے خودکشی کی کیونکہ وہ بینکوں کا قرض ادا نہیں کر پائے۔
کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے اپنی بات لوک سبھا میں رکھتے ہوئے کہا کہ ’’گزشتہ 5 سال میں حکومت نے کسانوں کو کم پیسہ دیا، وہیں امیر کاروباریوں کو زیادہ پیسہ دیا ہے۔ یہ دوہرا رویہ کیوں؟ حکومت کے لیے کسان امیروں سے زیادہ ضروری کیوں نہیں ہیں!‘‘
راہل گاندھی نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ آر بی آئی کو ہدایت دے اور کسانوں کو دھمکی دینا بند کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں کسانوں کی حالت بے حد خراب ہے، ایسے میں حکومت کو کسانوں کی بدحالی کو دور کرنے کے لیے قدم اٹھانے کی ضرورت ہے۔