دوران تدریس اساتذہ کے موبائل استعمال پر لگی پابندی، خلاف ورزی پرہوگی کارروائی
اٹاوہ: اترپردیش کے ضلع اٹاوہ میں ضلع انتظامیہ نے گورنمنٹ پرائمری اسکولوں کے اساتذہ پر اسکول میں دوران تدریس موبائل فون کے استعمال پر پوری طرح سے پابندی عائد کردی ہے۔
چیف ڈیولپمنٹ افسر(سی ڈی او) راجا گن پتی آر نے بدھ کو یہاں بتایا کہ گورنمنٹ پرائمری اسکولوں میں تعلیمی میعار میں بہتری لانے کے لئے صبح ساڑھے آٹھ بجے سے دوپہر ایک بجے تک اساتذہ کے فون استعمال پر پوری طرح سے پابندی لگا دی گئی ہے۔ باوجود اس کے اگر کوئی ٹیچر موبائل کا استعمال کرتے ہوئے دیکھا گیا تو ان کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔
اٹاوہ کے ڈسٹرکٹ بیسک ایجوکیش افسر اجے کمار سنگھ نے بتایا کہ اساتذہ اب اسکولوں میں متعین ڈریس پہن کر آئیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ سی ڈی او نے اساتذہ کے ڈریس کے لئے جو حکم جاری کیا ہے اس پر سوفیصدی عمل کیا جائے گا۔ بلاک ایجوکیشن افسر یہ یقینی بنائیں کہ ان کے بلاک میں اساتذہ متعینہ ڈریس میں ہی اسکول پہنچیں۔
پرائمری تعلیم میں بہتری لانے کے لئے حکومت ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ حکومت کے منشی کے مطابق یہاں ضلع میں تعینات افسر بھی تعلیمی میعار میں بہتری لانے کے لئے الگ الگ طریقے اپنا رہے ہیں۔ اسکولوں میں وقت پر اساتذہ کی حاضری چیک کرنے کے لئے جہاں ایک جانب بچوں کے ساتھ ٹیچروں کو سیلفی اپنے محکمہ کے گروپ میں بھیجنی ہے تو وہیں ٹیچروں کے ڈریس کو صحیح کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔