ریاستوں سےمہاراشٹرا

دیوار گرنے سے بڑا حادثہ: متاثرین کے لئے جماعت اسلامی ہند ممبئی شہر کی جانب سے راحت رسانی کام جاری

ممبئی 3 جولائی (محمد خالد داروگر)گذشتہ کئی روز سے ممبئی، مضافات اور اطراف میں موسلادھار بارش کی وجہ سے پورے ممبئی شہر کا نظام تقریباً درہم برہم ہوکر رہ گیا ہے۔ ملاڈ ایسٹ میں واقع پمپری پاڑہ، اپاپاڑہ اور امبیڈکر نگر میں پڑے پیمانے پر تباہی کا منظر دیکھنے میں آیا ہے۔ مہاراشٹرا کے محکمہ جنگلات کی جانب سے بنائی گئی حفاظتی دیوار مسلسل موسلادھار بارش ہونے کی وجہ سے منہدم ہوگئی اور اس کے سائے میں آباد سینکڑوں جھوپڑے دیوار کے اچانک گر جانے کی وجہ سے زمین دوز ہو گئے۔ جس کے نتیجے میں مکینوں کا زبردست جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔

جیسے ہی حادثے کی خبر جماعت اسلامی ہند ممبئی شہر کے ذمہ داران کے علم میں آئی انہوں نے مقامی جماعت پٹھان واڑی کے امیر مقامی عظمت صاحب کو اس کی اطلاع دی اور فوری طور پر وہاں پہنچنے کے لئے کہا۔ امیر مقامی رفقاء جماعت کے ساتھ جائے حادثے پر پہنچ گئے اور متاثرین سے ملاقات کی اور صورتحال کا جائزہ لیا اور اس کی رپورٹ ممبئی شہر کے ناظم جناب عبدالحسیب بھاٹکر کو دی گئی۔ موصوف نے وہاں پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا اور ان کی اور مقامی جماعت کی زیرنگرانی میں فوری طور پر راحت رسانی کا کام شروع کیا گیا۔

الحمدللہ 200/متاثرین کے لئے مقامی جماعت نے رات کے کھانے اور دیگر ضروریات کا انتظام کیا اور ان کے لیے صبح کے تاشتہ کا بھی نظم کیا گیا۔ اندازہ ہے کہ اس حادثے کی وجہ سے تقریباً 108/خاندان متاثر ہوئے ہیں اور 160/افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں بھگوتی ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے اور 22/لوگوں کی موت واقع ہوئی ہے۔ جماعت اسلامی ہند نے فوری طور پر متاثرہ خاندانوں کی مالی مدد بھی کی۔ مقامی پولیس سے مل کر پنچنامہ کی فہرست بھی طلب کی گئی ہے اور متاثرین کی مدد کے لئے سروے کارڈ بھی پرنٹ کروایا گیا ہے اور فی الحال رفقاء جماعت سروے کرنے میں مصروف ہیں۔ فوری طور پر متاثرین کو کچن کے سامان کی ضرورت ہے جس کا انتظام کیا جارہا ہے۔

ناظم شہر جناب عبدالحسیب بھاٹکر اور دوسرے ذمہ داران جماعت نے مقامی غیر مسلم تنظیموں بشمول شیوسینا کے وہاں کے ذمہ داران سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ بات چیت میں یہ طے پایا کہ مصیبت کی گھڑی جبکہ وہاں کے بیشتر لوگ غموں سے نڈھال ہیں ہم سب ان کی باز آبادکاری کے لئے مل جل کر اور ایک دوسرے کے تعاون کے ساتھ کام کریں گے۔

ناظم شہر جناب عبدالحسیب بھاٹکر کے علاوہ ذمہ داران جماعت میں سے ڈاکٹر سلیم خان، معظم نائیک صاحب اور محمد سراج صاحب نے دورہ کیا اور مقامی جماعت کے ساتھ مل کر متاثرین کے لئے راحت رسانی کے کام میں حصہ لیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!