ممبئی میں زبردست بارش، عام زندگی بُری طرح متاثر، اسکولس بند کرنے کا اعلان
ممبئی میں زبردست بارش جاری ہے جس کی وجہ سے عام زندگی پوری طرح متاثر ہو گئی ہے اور محکمہ موسمیات کی پیش گوئی ہے کہ ممبئی والوں کو جلد کوئی راحت نہیں ملنے والی ہے۔ ادھر، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ابھی بارش کا سلسلہ یوں ہی برقرار رہے گا۔ مستقل بارش کی وجہ سے ممبئی کے لوگوں کی روز مرہ کی زندگی بری طرح متاثر ہو کر رہ گئی ہے۔ کئی علاقوں میں پانی بھرا ہوا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک جام ہو گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق زبردست بارش کی وجہ سے تمام اسکول بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ دراصل، اسکول کے بچے گھٹنوں گھٹنوں پانی میں اسکول جانے کی کوشش کر رہے تھے، اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے حکومت نے اسکولوں میں چھٹی کا اعلان کر دیا ہے۔
سیان اور ماٹنگا کے درمیان ریلوے ٹریک پر پانی بھر گیا ہے جس کی وجہ سے لوکل ٹرین سست رفتار سے چل رہی ہیں۔ دور دور تک پانی بھرا ہونے کی وجہ سے لوگوں کو اپنی گاڑی چلانے میں بھی دشواری ہو رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق دادر ایسٹ میں بھاری بارش کی وجہ سے سڑکیں سمندر نظر آ رہی ہیں اور اس میں اسکولی بچے سڑک پر ہی سویمنگ کا مزہ لے رہے ہیں۔
چرچ گیٹ اور مرین لائن کے درمیان اوور ہیڈ وائر پر بانس گرنے سے لوکل ٹرین کی سروس ٹھپ ہو گئی ہے ۔ اس کو ٹھیک کرنے کا کام جاری ہے۔ دریں اثنا امکانات ظاہر کئے جا رہے ہیں کہ آج حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں کیونکہ خبر ہے کے 12 بج کر 52 منٹ پر سمندر کی لہروں میں شدت آ سکتی ہے، لہذا رات کو ہائی ٹائڈ کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
ہائی ٹائڈ کی وجہ سے شہر کے پانی کی نکاسی پوری طرح متاثر ہو سکتی ہے اور پورے شہر میں پانی کے جماؤ کا مسئلہ کھڑا ہو سکتا ہے۔ واضح رہے کہ ممبئی میں یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے جب بارش نے وہاں پر معمولات زندگی کو مفلوج کیاہے، بارش تقریباً ہر سال یہاں کے لوگوں کا جینا محال کر دیتی ہے۔