ڈاکٹرمحمدمرسی کی اچانک وفات طبعی نہیں، حراستی قتل ہے: امیر جماعت اسلامی ہند
ڈاکٹرمرسی کی شہادت ان شاء اللہ اسلامی کاز کی تقویت کا باعث بنے گی: امیر جماعت
شعبۂ میڈیا، مرکزجماعت اسلامی ہند کی جاری پریس ریلیزکے مطابق ” جمہوریۂ مصر کے قانونی صدر ، جنھیں بہ جبر اقتدار سے بے دخل کردیا گیا تھا ، ان کی اچانک وفات طبعی نہیں ، بلکہ یہ حراستی قتل ہے ، جس کا ارتکاب موجودہ غاصب مصری حکومت اور اس کے خود ساختہ صدر ڈکٹیٹر عبد الفتاح سیسی نے کیا ہے _ ان کی شہادت سے ان شاء اللہ پوری دنیا میں اسلامی کاز کو تقویت ملے گی ” پریس کو جاری ایک بیان میں جماعت اسلامی ہند کے امیر جناب انجینیر سید سعادت اللہ حسینی نے ان خیالات کا اظہار کیا انھوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ڈاکٹر مرسی کی شہادت کو قبول فرمائے ، انھیں جنت الفردوس میں جگہ دے اور ان کے پس ماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے _
امیر جماعت نے ڈاکٹر مرسی کی وفات پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور فرمایا کہ ان کی وفات سے عالم اسلام نے اپنا ایک اہم قائد کھودیا ہے _
انجینیر حسینی نے کہا کہ قانونی طور پر شفّاف ملکی انتخابات کے ذریعے برسرِ اقتدار آنے والی پارٹی کی حکومت کو بہ زورِ طاقت ہٹایا جانا جمہوریت کا قتل ہے اور اس پارٹی (اخوان المسلمون) پر پابندی عائد کرکے اور اس کے کارکنوں اور صدرِ جمہوریہ پر جھوٹے مقدّمات قائم کرکے انھیں جیلوں میں بند رکھنا اور ہراساں کرنا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے _
میر جماعت نے مطالبہ کیا کہ اس حراستی قتل کی عالمی پیمانے پر تحقیقات کی جائیں اور قصورواروں کو قانون کے دائرے میں لاکر انھیں قرار واقعی سزا دی جائے _
امیر جماعت نے دنیا بھر کی اسلامی تحریکات کے وابستگان سے تعزیت کی اور انھیں تلقین کی کہ وہ دل برداشتہ نہ ہوں اور راہِ حق پر جمے رہیں _ ان شاء اللہ ضرور کام یابی ان کے قدم چومے گی _