مغربی بنگال: بی جے پی ورکرس نے ٹی ایم سی کے 3 کارکنان کا کیا قتل!
مغربی بنگال کے مرشد آباد ضلع میں ہفتہ کو ترنمول کانگریس کے تین کارکنان کا مبینہ طور پر گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ پولس نے اس خبر کی تصدیق کی ہے۔ ڈومکل پولس اسٹیشن کے ایک افسر نے کہا کہ ’’ڈومکل کے کُچیا مورا گاؤں میں کچھ شرپسند عناصر نے مبینہ طور سے تینوں پر گولی باری کی اور ان پر بم پھینکے جس میں وہ مارے گئے۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
پولس کا کہنا ہے کہ ’’ہم نے سنا ہے کہ وہ ترنمول کانگریس کے سرگرم کارکن تھے۔ ہمارے افسران جانچ کر رہے ہیں کہ حملے کے پیچھے کیا کوئی سیاسی رنجش تھی۔‘‘ دو مہلوکین کے گھر والوں نے قتل کے لیے بی جے پی حامیوں کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔
ایک مہلوک کے رشتہ دار نے کہا کہ ’’یہ لوگ قتل کے ایک دیگر معاملے میں بھی قصورار ہیں۔ وہ میرے پیچھے پڑے تھے کیونکہ میں اس معاملے میں گواہ ہوں۔ کل، وہ یہاں آئے اور مجھے گھر پر نہیں پا کر میرے چچا اور بھتیجے کا قتل کر دیا۔‘‘ پولس نے کہا کہ علاقے میں چھاپہ ماری کی جا رہی ہے لیکن اب تک کوئی گرفتار نہیں ہوا ہے۔
لوک سبھا انتخاب کے بعد سے ہی مغربی بنگال میں تشدد کا دور جاری ہے۔ سیاسی پارٹیوں کے حامی ایک دوسرے کے خون کے پیاسے ہو گئے ہیں۔ کئی پارٹیوں کے کارکنان کا قتل کیا جا چکا ہے۔ بنگال سے ہر دن تشدد کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ تمام کوششوں کے باوجود تشدد میں کمی نہیں آ رہی ہے۔