تازہ خبریںجنرلخبریںقومی

ریلوے ٹکٹ میں کروڑوں روپیوں کا گھوٹالہ: دلالوں اورملازمین کی ملی بھگت شامل

نئی دہلی: ریلوے ٹکٹوں کی کالا بازاری روکنے کے لئے ریلوے پروٹیکشن فورس ( آر پی ایف) نے جمعرات کو ملک گیر مہم ’آپریشن تھنڈر‘ چلائی اور 141 شہروں میں چھاپہ مار کر 387 مجرموں کو گرفتار کیا گیا اور ان کے قبضے سے تقریبا 33 لاکھ روپے مالیت کے 22 ہزار سے زائد ٹکٹ ضبط کئے گئے۔ اس معاملہ کی جانچ جاری ہے اور ریلوے کے ملازمین بھی بدعنوانی کے ملزمان پائے گئے ہیں۔ اس گھوٹالہ میں کروڑوں روپے کی ہیرا پھیری ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ریلوے پروٹیکشن فورس کے ڈائریکٹر جنرل ارون کمار نے یہاں ریل بھون میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ یہ کالا بازاری، ریزرویشن کاؤنٹر، تتکال ٹکٹوں اور ای- ٹکٹوں، تینوں میں کی جا رہی تھی۔ تتکال ٹکٹوں کی کالابازاری کے لئے ایک سافٹ ویئر’ اے این ایم ایس/ریڈ مرچ‘ کا استعمال کیا جا رہا تھا جسے راجستھان کے کوٹہ سے ضبط کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جب ملک بھر میں مختلف ٹکٹ ایجنٹوں کے ای-ٹکٹوں کی بکنگ اور ادائیگی کے ذرائع سے متعلق معلومات حاصل ہو جائیں گی تو ملک بھر میں پھیلے تتکال ٹک ریکٹ کا پردہ فاش ہو جائے گا۔

کمار نے بتایا کہ پورے ملک میں ٹکٹوں کی دلالی ختم کرنے کے مقصد سے ایک بڑی مہم تیار کی گئی تھی جس میں ریلوے پروٹیکشن فورس کے ساتھ کرائم برانچ، سائبر سیل اور آئی ٹی ٹیکنیشیوں نے مشترکہ طور پر شرکت کی۔ انہوں نے بتایا کہ انڈین ریلوے کیٹرنگ اور سیاحت کارپوریشن (آئی آر سی ٹی سی) کے ساتھ مسلسل رابطہ قائم کیا ہوا ہے۔ انہیں تکنیکی معلومات فراہم کراکر ویب سائٹ کو مزید محفوظ بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے کے افسران اور ملازمین کی مدد سے 141 شہروں کے 276 مقامات پر ایک ساتھ چھاپہ مارا گیا۔ مختلف شہروں میں 387 ٹکٹ دلال گرفتار کئے گئے ہیں اور 32 لاکھ 99 ہزار 93 روپے مالیت کے 22 ہزار 253 ٹکٹ ضبط کئے گئے۔ قصورواروں کے خلاف 375 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ ٹکٹ بروکروں پہلے بھی تین کروڑ 24 لاکھ 12 ہزار 706 روپے رقم کے ٹکٹوں کا غیر قانونی کاروبار کرچکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ تمام مشتبہ یوزر آئی ڈی اور ضبط ٹکٹوں کو غیر فعال کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی ملک گیر مہم مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔ اس کے علاوہ بھی باقاعدہ مہمات وقتا فوقتا مختلف زونوں میں چلائی جاتی رہیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!