انٹرنیٹ بند کرنے کے معاملے میں ہندوستان نمبر 1، صرف6 ماہ میں 15590 کروڑ روپے کا ہوا نقصان
2021 میں پوری دنیا میں مجموعی طور پر 30000 گھنٹے انٹرنیٹ بند ہوا تھا جس سے 5.45 بلین ڈالر یعنی تقریباً 40300 کروڑ روپے کا نقصان ہوا تھا۔
ہندوستان انٹرنیٹ شٹ ڈاؤن کرنے یعنی انٹرنیٹ بند کرنے کے معاملے میں دنیا میں نمبر وَن پوزیشن پر ہے۔ اس کی جانکاری اسی سال مارچ میں ’ایکسس ناؤ‘ اور ’کیپ اِٹ آن کولیشن‘ نے اپنی رپورٹ میں دی ہے۔ ہندوستان میں انٹرنیٹ شٹ ڈاؤن کی شروعات 2016 میں ہوئی تھی۔ اب ’نیٹ لاس‘ نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ 2023 کی پہلی چھ ماہی میں ہندوستان میں انٹرنیٹ بند ہونے سے 1.9 بلین ڈالر یعنی تقریباً 15590 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ اس مدت میں منی پور اور پنجاب میں سب سے زیادہ انٹرنیٹ بند رہا ہے۔
’نیٹ لاس‘ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ شٹ ڈاؤن کے سبب غیر ملکی سرمایہ کاری میں تقریباً 118 ملین ڈالر (تقریباً 968 کروڑ روپے) کا نقصان ہوا اور 21000 سے زیادہ ملازمتیں چلی گئیں۔ یعنی چھ مہینے میں صرف انٹرنیٹ بند ہونے کے سبب 21 ہزار لوگوں نے ملازمت گنوائی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومتیں اکثر یہ مان بیٹھتی ہیں کہ انٹرنیٹ شٹ ڈاؤن سے امن بنا رہے گا، غلط اطلاعات کی تشہیر رک جائے گی یا سائبر سیکورٹی خطرات سے ہونے والا نقصان کم ہو جائے گا، لیکن حقیقت میں ایسا نہیں ہے۔ انٹرنیٹ شٹ ڈاؤن معاشی سرگرمیوں کے لیے بے حد تباہناک ہے۔
حکومت ہند اور ریاستی حکومتیں عوامی نظام برقرار رکھنے کے لیے انٹرنیٹ شٹ ڈاؤن کو ایک اسلحہ کی شکل میں استعمال کرتی ہیں۔ ہندوستان میں شٹ ڈاؤن کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ پوری دنیا میں گزشتہ چھ ماہ میں انٹرنیٹ شٹ ڈاؤن کرنے کے معاملے میں ہندوستان سب سے آگے ہے۔ ہندوستان میں 2021 میں 1157 گھنٹے انٹرنیٹ بند رہا، جس سے 582.8 ملین ڈالر یعنی تقریباً 4300 کروڑ روپے کا نقصان ہوا تھا۔ انٹرنیٹ بند ہونے سے 5.9 کروڑ لوگ بھی متاثر ہوئے تھے۔ انتظامیہ کی طرف سے ملک میں 2021 میں 84 بار انٹرنیٹ بند کیا گیا۔ انٹرنیٹ بند کے اہم اسباب احتجاجی مظاہرہ، تشدد، امتحان اور انتخاب ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 2022 میں صرف جموں و کشمیر میں 49 بار انٹرنیٹ بند کیا گیا جس میں 16 بار لگاتار انٹرنیٹ بند کیا گیا ہے جو کہ جنوری سے لے کر فروری 2022 کے درمیان ہوا۔ جموں و کشمیر کے بعد راجستھان دوسرے نمبر پر تھا جہاں ایک سال میں 12 مرتبہ انٹرنیٹ بند کیا گیا۔ تیسرے نمبر پر مغربی بنگال تھا جہاں 7 بار انٹرنیٹ شٹ ڈاؤن ہوا۔
قابل ذکر ہے کہ 2021 میں پوری دنیا میں مجموعی طور پر 30000 گھنٹے انٹرنیٹ بند ہوا تھا جس سے 5.45 بلین ڈالر یعنی تقریباً 40300 کروڑ روپے کا نقصان ہوا تھا۔ جن ممالک کو اس شٹ ڈاؤن سے سب سے زیادہ نقصان ہوا، اس لسٹ میں ہندوستان تیسرے نمبر پر تھا۔ ہندوستان میں 2021 میں 1157 گھنٹے انٹرنیٹ بند رہا، جس سے 582.8 ملین ڈالر یعنی تقریباً 4300 کروڑ روپے کا نقصان ہوا تھا۔ انٹرنیٹ بند ہونے سے 5.9 کروڑ لوگ بھی متاثر ہوئے تھے۔ ملک کی راجدھانی نئی دہلی میں بھی کسان تحریک کے دوران طویل انٹرنیٹ شٹ ڈاؤن ہوا تھا۔