کرناٹک: اب اسکول بیگ کا وزن طالب علم کے وزن کے 15 فیصد سے زیادہ نہیں ہوگا، گائیڈلائنس جاری
گائیڈلائن کے مطابق درجہ اول اور دوم کے بچوں کے بیگ کا وزن 1.5 سے 2 کلو اور درجہ سوم تا پنجم کے بچوں کے بیگ کا وزن 2 سے 3 کلو ہونا چاہیے۔
کرناٹک میں اسکولی تعلیم و خواندگی محکمہ نے 21 جون کو ریاستی اسکولوں سے اسکول بیگ گائیڈلائنس پر عمل کرنے کی گزارش کرتے ہوئے 2019 کے سرکلر کو پھر سے جاری کیا ہے۔ ساتھ ہی بلاک سطح کے تعلیمی افسران سے کہا گیا ہے کہ وہ اس حکم پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔
جاری سرکلر میں بتایا گیا ہے کہ اسکول بیگ کا وزن زیادہ سے زیادہ طالب علم کے وزن کا 15 فیصد ہونا چاہیے۔ اس گائیڈلائن کے مطابق درجہ اول اور دوم کے بچوں کے بیگ کا وزن 1.5 سے 2 کلو اور درجہ سوم تا پنجم کے بچوں کے بیگ کا وزن 2 سے 3 کلو ہونا چاہیے۔ اسی طرح درجہ 6 سے 8 کے لیے بیگ کا وزن 3 سے 4 کلو اور درجہ 9 سے 10 کے لیے بیگ کا وزن 4 سے 5 کلو ہونا چاہیے۔ سرکلر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اسکولوں میں ہفتہ میں ایک دن ’نو بیگ ڈے‘ منایا جائے گا۔ یعنی ہفتہ کا ایک دن ایسا ہوگا جب بچوں کو بغیر بیگ کے اسکول بلایا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حکم ڈاکٹر وی پی نرنجنرادھیا کمیٹی کی طرف سے تجویز کردہ سفارشات کی بنیاد پر جاری کیا گیا ہے۔ اسکول بیگ کے وزن کی وجہ سے طلبا کی صحت پر پڑنے والے اثرات کا مطالعہ کرنے کے لیے ریاستی حکومت کے ذریعہ کمیٹی کی تشکیل کی گئی تھی۔ کئی سال پہلے تشکیل کی گئی اس کمیٹی نے 19-2018 میں اپنی حتمی رپورٹ سونپی۔ 2019 میں جب کمیٹی کی طرف سے حتمی رپورٹ پیش کی گئی تو کرناٹک حکومت نے ایک حکم جاری کر اسکولوں کو یہ یقینی کرنے کی ہدایت دی گئی تھی کہ اسکول بیگ کا وزن بچے کے وزن کے 10 فیصد سے زیادہ نہ ہو۔