’ہندو دھرم میں گھر واپسی کرو، سی اے اے این آر سی سے چھٹکارا پاؤ‘، وارانسی میں لگا متنازعہ پوسٹر
پی ایم نریندر مودی کے پارلیمانی حلقہ وارانسی میں سڑکوں پر کئی بڑے بڑے ہورڈنگز لگے ہوئے جن میں صاف طور پر لکھا ہوا ہے کہ ’’ہندو مذہب میں گھر واپسی کرو، سی اے اے این آر سی سے چھٹکارا پاؤ‘‘۔
شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) اور قومی شہریت رجسٹر (این آر سی) کے خلاف تقریباً دو مہینوں سے ملک گیر احتجاجی مظاہرہ جاری ہے۔ دہلی سمیت ملک کے کئی علاقوں میں لوگ اس ٹھٹھرتی ٹھنڈ کے باوجود رات دن مظاہرہ کر رہے ہیں۔ اسی درمیان پی ایم مودی کے پارلیمانی حلقہ وارانسی میں لگے ہورڈنگز موضوعِ بحث بن گئے ہیں۔ ان ہورڈنگز میں لکھا ہے کہ اگر آپ کو سی اے اے اور این آر سی سے چھٹکارا پانا ہے تو ہندو مذہب میں واپسی کرنی ہوگی۔
دراصل پی ایم مودی کے پارلیمانی حلقہ میں سڑکوں پر کئی بڑے بڑے ہورڈنگز لگے ہوئے ہیں جن میں صاف طور پر لکھا ہوا ہے کہ ’’ہندو دھرم میں گھر واپسی کرو، سی اے اے -این آر سی سے چھٹکارا پاؤ۔‘‘ جانکاری کے مطابق وارانسی میں انگلیسیا لائن علاقے میں یہ ہورڈنگز ہندو پرست تنظیم ہندو سماج پارٹی کے ذریعہ لگوائے گئے ہیں۔
ان ہورڈنگز میں تین مسلم خواتین برقع پہنے نظر آ رہی ہیں جن کے سر پر بھگوا پگڑی پہنائی گئی ہے۔ ہورڈنگ کے ایک کونے میں ’ہیش ٹیگ شاہین باغ فیل‘ لکھا ہوا ہے۔ اس کے علاوہ پوسٹر کے نیچے کالے حروف میں ’ہیش ٹیگ ہندو سماج پارٹی‘ لکھا ہوا نظر آ رہا ہے۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ ہندو سماج پارٹی کی طرف سے ہی یہ ہورڈنگز لگوائے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ دہلی کے شاہین باغ میں پچھلے تقریباً 40 دنوں سے خواتین سی اے اے اور این آر سی کے خلاف دھرنے پر بیٹھی ہوئی ہیں۔ ان خواتین میں نوجوان سے لے کر بزرگ خواتین بھی پورے زور و شور کے ساتھ مظاہرہ میں حصہ لے رہی ہیں۔ سب سے خاص بات یہ ہے کہ یہ مظاہرہ ایک منٹ کے لیے بھی بند نہیں ہوا ہے۔ زبردست ٹھنڈ کے باوجود بھی 24 گھنٹے اور ساتوں دن یہ مظاہرہ جاری ہے۔ گزشتہ دنوں شاہین باغ میں مظاہرہ کے دوران تقریباً ایک لاکھ لوگ اکٹھا ہوئے تھے۔
پورے ملک میں پرامن مظاہرہ کی علامت بن چکے دہلی کے شاہین باغ کی ہی طرز پر اتر پردیش سمیت ملک کی کئی ریاستوں میں بھی سی اے اے اور این آر سی کے خلاف لوگوں نے مظاہرہ شروع کر دیا ہے۔ ان جگہوں پر بھی بڑی تعداد میں خواتین اپنے گھروں سے نکل کر مظاہرہ میں شامل ہونے آ رہی ہیں۔