کیرالہ میں دینی مدارس کے اساتذہ اور تنظیمی کارکنان کے لیے موٹیویشنل اینڈ لیڈرشپ ٹریننگ سینٹر کی سنگ بنیاد
صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محموداسعد مدنی نے سنگ بنیاد رکھتے ہوئے موجودہ حالات کے مطابق اپنی سرگرمیوں کو ہم آہنگ کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور امید ظاہر کی یہ سینٹر جنوبی ہندستان کا سب سے بڑا مرکز بنے گا۔ تقریب میں جمعیۃ علماء ہند کے سبھی ریاستوں کے صدور و نظمائے اعلی و مرکزی عہدیداران شریک
دہلی: 9/جون(پی آر) صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی نے دینی مدارس کے اساتذہ اور سماجی خدمات انجام دینے والے افراد کی ٹریننگ اور موجودہ حالات کے مطابق اپنی سرگرمیوں کو ڈھالنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے بغیر ہم اپنی منزل کو پانے میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔ مولانا مدنی نے ان خیالات کا اظہار آج جامعہ کوثر یہ الوا(کوچین) کیرالہ میں ایک موٹیویشنل اینڈ لیڈرشپ سینٹر کی سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جمعیۃ علماء ہند کے نائب صدر اور دارالعلوم دیوبند کے استاذ حدیث مولانا محمد سلمان بجنوری،جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ہند مولانا محمد حکیم الدین قاسمی، جمعیۃ علماء کیرالہ کے صدر مولانا ابراہیم، سکریٹری جمعیۃ علماء ہند مولانا نیاز احمد فاروقی سمیت جمعیۃ کی سبھی ریاستوں کے صدور و نظمائے اعلی حضرات اور مرکزی عہدیداران موجود تھے۔
مولانا مدنی نے کہا کہ کیرالہ وہ سرزمین ہے جہاں قرن اول میں اسلام آیااور پھر پورے صغیر میں اسلام کی روشنی اس سرزمین سے پھیلی، اللہ تعالی نے یہاں کے لوگوں کو اس کارخیر کا ذریعہ بنایا،ہمارے لیے نہایت فخر کی بات ہے کہ آج ہم اس سر زمین پر موجود ہیں۔ مولانا مدنی نے جامعہ کوثریہ اور اس سے وابستہ کارکنان کے ذریعہ دین کی ہمہ جہت خدمات کی ستائش کی۔
انھوں نے جامعہ کوثریہ کے اس احاطے میں تربیتی مرکز قائم کرنے کا مقصد بتاتے ہوئے کہا کہ جو ہمارے علماء مدارس میں پڑھا رہے ہیں،ریفریشر کورس چلارہے ہیں، ان کی ٹریننگ ہو، اسی طرح وہ لوگ جو سوشل ورک کررہے ہیں، ان کی بھی تربیت کا یہ مرکز ہو تا کہ جمعیۃ علماء اور دوسری تنظیموں کے لوگ یہاں سے ٹریننگ پا کر اپنے اپنے میدانوں میں بہتر خدمت انجام دے سکیں۔ مولانا مدنی نے امید ظاہر کی یہ بڑے کام کی شروعات ہو رہی ہے، جو ہماری قوم کے مستقبل کے لیے سنگ میل ثابت ہو گا اور یہ پورے مغربی ہندستان کا مرکز ہو گا۔
مولانا مدنی کے خطاب کا ملیالم زبان میں ترجمہ مولانا ابراہیم مہتمم مدرسہ جامعہ کوثریہ و صدر جمعیۃ علماء کیرالہ نے پیش کیا۔ مولانا محمد سلمان بجنوری استاذ دارالعلوم دیوبند اورنائب صدر جمعیۃ علماء ہند نے اس موقع پر دعاء کرائی۔ اس موقع پر کیرالہ کی جن شخصیات نے شرکت کی ان میں خاص طور سے مولانا مجیب الرحمن ناظم اعلیٰ جمعیۃ علماء کیرالہ،مولانا سفیان پرنسپل جامعہ حسنیہ کائم کولم، مفتی مزمل، نجم الہدیٰ، صادق حاجی، عبدالرحمن حاجی، کنجو محمد حاجی، عبدالصمد، عبدالستار مولوی ، مولانا طلحہ، افضل سیٹھ کے نام قابل ذکر ہیں,