ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کے مرکزی وزیر پرکاش جاؤڈیکر اور وزیر مملکت سپریو نے اپنا کام کاج سنبھال لیا۔
نئی دہلی: یکم جون- ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کے مرکزی وزیر پرکاش جاؤڈیکر اور وزیر مملکت سپریو نے ہفتے کے روز اپنااپنا کام کاج سنبھال لیا۔
مسٹر جاؤڈیکر اور مسٹر سپریو نے وزارت کے اعلیٰ افسران کی موجودگی میں یہاں اندرا گاندھی پریاورن بھون میں اپنی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔ بعد ازاں مسٹر جاؤڈیکر نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا،’کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ ماحولیات کا تحفظ کرنا ہے تو ترقی روکو لیکن یہ درست نہیں ہے۔ ترقی اور ماحولیات کاتحفظ دونوں ساتھ ساتھ ممکن ہیں۔ یہ ہم نے دکھایا ہے اور آگے بھی دکھائیں گے‘۔
مسٹر جاؤڈیکر نے کہا کہ وزارت کا کام کاج سنبھالنے کی انھیں خوشی ہے۔ اس وزارت کا کام پانچ عناصر، زمین، پانی، ہوا،آگ، اور آسمان کا تحفظ کرنا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ مسٹر جاؤڈیکر کو ماحولیات کے ساتھ اطلاعات و نشریات کی وزارت کی بھی ذمہ داری دی گئی ہے۔ اس کا چارج انہوں نے جمعہ کے روز ہی لے لیا تھا۔ راجیہ سبھا کے رکن مسٹر جاؤڈیکر گذشتہ حکومت میں بھی دو سال کے لیے وزیر ماحولیات رہ چکے ہیں۔ وہ 26 مئی 2014 سے 05جولائی 2016 تک اس عہدے براجمان رہے تھے۔ بعد ازاں انھیں انسانی وسائل کی ترقی کا وزیر بنا دیا گیا تھا۔
مسٹر سپریو نے کہا کہ مسٹر جاؤڈیکر کے ساتھ کام کرنا اچھا تجربہ ہوگا۔ ان کے پاس تجربہ ہے وہ زندہ دل انسان ہیں۔ ان کے ساتھ کام کرکے کافی کچھ سیکھنے کو ملے گا۔