ممبئی میں خواتین کیلئے”کاؤنسلر ٹریننگ ورکشاپ” کا انعقاد
شوہر بیوی کے رشتے میں سکون پیدا کرنے کا نام کونسلنگ ہے: محمد صدیق ڈائـرکٹر سکون کونسلنگ سینٹرجماعت اسلامی ہند ممبئی
ممبئی: حلقۂ خواتین جماعت اسلامی کی جانب سے ایک روزہ “کاؤنسلر ٹریننگ ورکشاپ” جماعت اسلامی ہند آفس پارک سائٹ منعقد کیا گیا۔ پروگرام کا آغاز محترمہ ڈاکٹر تزئین نے تذکیر بالقرآن ( سورہ النساء -35 ) سے کیا۔ ممبئی میٹرو ناظمہ ممتاز صاحبہ نے افتتاحی کلمات میں اس ورکشاپ کی غرض و غایت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا، “خاندانی زندگی کا اصل مقصد شوہر اور بیوی کے درمیان سکون، اطمینان، مودت محبت اور رحمت کی فضا کا قائم ہونا ہے۔ لیکن بدلتی زندگی کے ساتھ خاندان کا یہ ادارہ کمزور ہوتا جا رہا ہے اور خاندانی تنازعات اور طلاق کی شرح میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ان تنازعات کے حل کے لئے لوگ غیر شرعی عدالتوں اور غیرمسلم کاؤنسلرز سے رجوع کرتے ہیں جو غیراسلامی طرز پر تنازعات کا فیصلہ کرتے ہیں۔ اس لئے جماعت اسلامی نے شدت سے اس بات کی ضرورت محسوس کی کہ ایسے کاؤنسلرز تیار کیے جاـٔیں جو لوگوں کے تنازعات کا حل اسلامی نقطہ نظر کو ملحوظ رکھتے ہوئے پیش کریں۔
ڈاـٔرکٹر سکون کاؤنسلر اور سیکریٹری ادارہ دعوت القرآن محترم محمد صدیق نے “فیملی کاؤنسلنگ کا اسلامی نقطہ نظر” اس موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ” شوہر بیوی کا رشتہ سکون، مودت اور رحمت کا رشتہ ہوتا ہے۔ لیکن آج لوگوں نے اسکو حقوق طلبی کا رشتہ بنا لیا ہے۔ جبکہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو حق طلب کرنے نہیں بلکہ اپنے فرائض ادا کرنے کے لئے دنیا میں بھیجا ہے۔ ” کونسلنگ کی تعریف بیان کرتے ہوئے کہا کہ ” شوہر بیوی کے رشتے میں سکون پیدا کرنے کا نام ہی کونسلنگ ہے۔ کونسلنگ انسان کو تبدیل کرتی ہے۔ انسان کو انسان بناتی ہے۔ “” مؤثر کاؤنسلنگ کیسے ہو؟ ” اس ٹاپک پر بھی محمد صدیق نے سامعین کی بھرپور رہنمائی فرمائی اور سامعین کے سوالوں کے تسلی بخش جوابات بھی دیے ۔
بعد ازاں سامعین کو پانچ گروپ میں تقسیم کرکے انہیں مختلف کیسز تجزیہ کے لئے دیئے گئے اور آخر میں ان کیسز کا کس طرح تجزیہ کیا جائے، اس پر مختصراً روشنی ڈالی۔ ورکشاپ کی دوسری نشست کا آغاز درس حدیث سے محترمہ ڈاکٹر سیمیں نے کیا۔ فرمایا کہ ” شادی کے بعد ہم ایک ایسے ادارے میں داخل ہوتے ہیں جس کے بارے میں ہمیں اللہ تعالیٰ کے یہاں جوابدہ ہونا ہے۔ ”
مہمان مقرر ڈاکٹر علی خواجہ جو بنگلور سے تعلق رکھتے ہیں، انسانی رویوں کے علوم میں آپ نے پی ایچ ڈی کی ہے اور بنجارہ اکیڈمی کے بانی و چیٔر پرسن بھی ہیں، ” Setting Up & Conducting The Counseling Session” اس ٹاپک پر آپ سے آن لائن استفادہ کیا گیا۔ اسکے بعد رول پلے اور کیس اسٹڈی کے ذریعے آپ نے بتایا، ” ایک کاؤنسلر کو چاہئے کہ مشورہ لینے والے کے دل میں اپنے تـٔیں اعتماد پیدا کرے۔ مشورہ لینے والا یہ احساس لے کر جاۓ کہ کاؤنسلر کی شکل میں اسے ایک خیر خواہ اور سچا دوست مل گیا ہے۔ کاؤنسلنگ کا عمل جذبات کے گرد گھومتا ہے لہذا ایک کاؤنسلر کاؤنسلنگ کے دوران مشورہ لینے والے کے جذبات پر اپنی توجہ مرکوز رکھے۔ آخر میں سوال و جواب کا سیشن ہوا۔ اس ورکشاپ سے 40 خواتین اور 4 مرد حضرات مستفیض ہوئے۔ نظامت کے فرائض پارک سائٹ مقامی ناظمہ شمیم صاحبہ نے بخوبی انجام دیئے۔ ریحانہ دیشمکھ