من مانی فیصلے سے برباد ہورہی ہے ملک کی توانائی: اکھلیش
اتر پردیش حراست میں اموات کے معاملے میں نمبر ون بن گیا ہے ۔ بی جے پی نے اترپردیش کو بدنام کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی ہے۔
بی جے پی پر من مانی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے سماج وادی پارٹی کےصدر اکھلیش یادو نے کہا کہ ملک کی توانائی اور عوامی طاقت حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں اور منصوبوں کی مخافلت میں برباد ہورہی ہے۔
یادو نے ایک بیان میں کہا کہ ‘مشاورتی کمیٹی، مشورہ، غوروخوض،تبادلہ خیال، مشترکہ فیصلہ اور اجتماعی اجلاس یہ جمہوری الفاظ بی جے پی کی ڈکشنری میں نہیں ہیں۔ تبھی بار بار من مانی بھرے فیصلے تھوپے جارہے ہیں۔ اترپردیش میں عوام سراپا احتجاج ہیں۔ نظم ونسق کا براحال ہے۔ مہنگائی، بدعنوانی، بلڈوزر سے لوگ پریشان ہیں۔ متنازع بیانات پر اشتعال کم نہیں ہورہا تھا کہ اگنی پرتھ خون سے لت پت دکھنے لگا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اترپردیش کو اتم پردیش بنانے کی سمت میں سماج وادی حکومت نے جو کوششیں اپنے میعاد کار میں کی تھیں ان پر بی جے پی حکومت نے پانی پھیر دیا ہے ۔ سماج وادی حکومت کے ترقیاتی کاموں کا نام اور رنگ بدلنے کے علاوہ اور کچھ بی جے پی حکومت نے نہیں کیا ہے۔
ایس پی صدر نے کہا کہ بی جے پی نے اترپردیش کی بدنامی کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی ہے۔ پہلے کبھی نہیں ہوا اب حراست میں اموات کے معاملے میں یوپی نمبر ون ہے۔ انسانی حقوق تلفی میں اول اور دلت ہراسانی میں سب سے آگے ہے۔ پولیس تھانے کرائم اور بدعنوانی کے اڈے بن گئے ہیں۔