بگدل میں سابق ریاستی وزیر داخلہ آر روشن بیگ کی آمد پر شاندار استقبال
صالحین کی صحبت اختیار کرنادنیا و آخرت میں نجات کا بہترین ذریعہ ہے: ڈاکٹر محمد ادریس احمد قادری
بیدر: 12/ جون (اے ایس ایم) ڈاکٹرالحاج خلیفہ شاہ محمد ادریس احمد قادری صاحب بگدلی سجادہ نشین درگاہ آستانہ قادریہ بگدل نے قدآور قائد سابق ریاستی وزیر داخلہ آر روشن بیگ سابق ریاستی وزیر برائے شہری ترقیات و اُمور حج کی درگاہ آستانہ قادریہ بگدل شریف میں پہلی مرتبہ آمد پر گلدستہ پیش کرتے ہوئے مریدین و معتقدین کے ساتھ شاندار استقبال کیا۔ آر روشن بیگ سابق وزیرنے درگاہ شریف آتے ہی سب سے پہلے زیارت درگاہ شریف کا شرف حاصل کرتے ہوئے چادر و گلہائے عقید ت پیش کرتے ہوئے فاتحہ کا نذرانہ پیش کیا۔
ڈاکٹر خلیفہ شاہ محمد ادریس احمد قادری صاحب بگدلی نے آستانہ قادریہ میں انجام دی جانے والی سرگرمیوں سے واقف کروایا۔ اس موقع پر سجادہ نشین صاحب نے سابق ریاستی وزیر داخلہ اور ان کے ہمراہ تشریف لانے والے تمام مہمانوں کی شال وگلپوشی کرتے ہوئے اپنی مسرت کا اظہار کیا۔ آر روشن بیگ نے بھی شال و گلپوشی فرمائی۔ انہوں نے آستانہ قادریہ دیکھنے کے بعد اپنی دلی مسرت کا اظہار کیا۔ وزیر موصوف کے ہمراہ محبو ب پاشاہ، پرشانت ڈانگے، گوتم،منوج کمار مہمانوں کی بھی سجادہ نشین صاحب کی نگرانی میں جناب غلام احمد قادری عرف شیرو نے شال وگلپوشی فرمائی۔
قبل ازیں آستانہ قادریہ میں منعقدہ حلقہ درس تصوف کو مخاطب کرتے ہوئے الحاج خلیفہ شاہ محمد ادریس احمد قادری صاحب بگدلی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے صالحین کی صحبت اختیار کرنادنیا و آخرت میں نجات کا بہترین ذریعہ ہے۔ جو اللہ والے ہوتے ہیں اللہ تعالیٰ ان کو اپنا دوست رکھتاہے۔ عالموں کی صحبت عبادت ہے۔بزرگوں کی ہدا یت پر عمل کرنے سے اچھا پھل حاصل ہوتاہے اور بروں کی صحبت سے آخرت خراب ہوتی ہے،ہمیں چاہیئے کہ جہاں تک ہوسکے بروں کی صحبت سے دوررہیں کیونکہ بروں کی صحبت سے اپنی عاقبت خراب ہوتی ہے۔ جو اپنے نفس کو اللہ کی عبادت میں نہیں لگاتا اس کا نفس بغیر ارادے کے ہی شیطان کی اطاعت میں لگ جاتاہے کیونکہ نفس کیلئے لازمی ہے کہ کسی نہ کسی اچھے عمل میں مصروف رہنا چاہیئے انہوں نے مختلف کرامتوں پہ روشنی ڈالتے ہوئے تمام مریدین و معتقدین کو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ پانچ وقتوں کی نمازوں کی پابندی کریں اوراپنی مصروفیات کے ساتھ ساتھ ذکر واذکار میں مصروف رہیں۔
انہوں نے درس تصوف دیا اور دعائے سلامتی فرمائی۔ مولانا محمد زائد حسین رضوی کی قرأت کلام پاک سے جلسہ کی کارروائی کا آغاز ہوا۔ حافظ محمد شاہنواز نلدرگ، محمد علاؤ الدین مؤذن مدینہ مسجد، محمد فہیم، محمد سلیم الدین ظہیرآباد نے حمد،نعت اور منقبت کا نذرانہ پیش کیا۔