تازہ خبریں

’اگر سچ بولنا بغاوت ہے تو ہم باغی ہیں‘، نوپور شرما کی حمایت میں اُتری پرگیہ ٹھاکر

بھوپال کی ایم پی پرگیہ ٹھاکر نے بی جے پی سے معطل نوپور شرما کی حمایت میں بیان دیا ہے، انہوں نے کہا کہ سچ بولنا بغاوت ہے تو سمجھ لیں کہ ہم بھی باغی ہیں

بھوپال: بھوپال سے رکن پارلیمنٹ پرگیہ ٹھاکر ایک بار پھر اپنے بیان کی وجہ سے زیر بحث ہیں۔ اس بار پرگیہ ٹھاکر نے پیغمبر اسلام پر نازیبا تبصرہ کرنے والی بی جے پی کی معطل شدہ لیڈر نوپور شرما کی حمایت میں بیان دیا ہے۔ رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ اگر سچ بولنا بغاوت ہے تو سمجھ لیں کہ ہم بھی باغی ہیں!

اس ٹوئٹ کے بعد پرگیہ نے کہا کہ میں سچ بولنے کے لئے بدنام ہوں۔ انہوں نے گیان واپی کا نام لئے بغیر کہا کہ وہاں شیو مندر تھا، ہے اور رہے گا۔ اسے فوارہ کہنا غلط ہے۔ یہ ہمارے ہندو دیوی-دیوتا اور سناتن دھرم پر حملہ ہے، لہذا ہم حقیقت بیان کریں گے۔ انہوں نے کہا ’’ہماری اصلیت تم بتا دو تو ہمیں قبول ہے لیکن تمہاری اصلیت ہم بتا رہے ہیں تو تکلیف کیوں ہے! اس کا مطلب کہیں نہ کہیں تاریخ داغدار ہے۔‘‘

پرگیہ ٹھاکر نے کہا کہ اگر کوئی کچھ کہے گا تو اسے دھمکیاں دی جائیں گی، غیر مذہبی لوگوں نے ہمیشہ ایسا کیا ہے۔ ہمارے دیوتاؤں پر فلمیں بناتے ہیں۔ ہدایت کاری کرتے ہیں، پروڈیوس کرتے ہیں اور گالیاں دیتے ہیں۔ ان کی مکمل کمیونسٹ تاریخ ہے۔ یہ غیر مذہبی اپنی ذہنیت پیش کرتے ہیں۔

پرگیہ ٹھاکر نے کہا ’’یہ بھارت ہندوؤں کا ہے۔ یہاں سناتن زندہ رہے گا اور اسے زندہ رکھنا ہم لوگوں کی ذمہ داری ہے اور ہم اسے رکھیں گے بھی۔ سناتن دھرم اپنا مذہب قائم کرتا ہے۔ جو بنی نوع انسان کے فائدے کے لیے ہے۔’’

خیال رہے کہ بی جے پی سے معطل شدہ نوپور شرما نے پیغمبر اسلامؐ کے بارے میں متنازعہ تبصرہ کیا تھا۔ جس کی مسلم ممالک کی طرف سے شدید مذمت کی جا رہی ہے۔ اس کے بعد بی جے پی نے انہیں پارٹی سے معطل کر دیا ہے۔ بی جے پی کے اس فیصلے کی سخت گیر ہندو شدید مخالفت کر رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!