آج شہر بیدر میں عید ملن پروگرام، مرکزی وزیر بھگونت کھوبا کی شرکت متوقع
بیدر: 7/مئی( اے این این ) جماعت اسلامی ہند شہر بیدر، تنظیم رابطہ ملت اور سدبھاوٴنا منچ ضلع بیدر کے اشتراک سے شہر بیدرکے ڈاکٹر چنا بسوا پٹادیورو رنگ مندر بیدر میں آج 8/مئی کو شام 7/ بجے عید ملن پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ اس پروگرام میں بھگونت کھوبا ایم پی بیدر و مرکزی وزیر حکومت ہند کی شرکت متوقع ہے۔ اس اجلاس کی صدارت اکبر علی اڈپی سیکرٹری جماعت اسلامی ہند کرناٹکا کریں گے۔ جبکہ اس پروگرام میں مقامی ایم ایل اے رحیم خان رکن اسمبلی بیدر نارتھ، بنڈپا قاسم پور، چیئرمن ریاستی حج کمیٹی رؤف الدین کچہری والا کی بھی شرکت متوقع ہے۔ مختلف مذہبی، سماجی، سیاسی اور دیگر نمائندے بطور مہمان خصوصی اس پروگرام میں شریک رہیں گے۔
اس موقع پر سید عبدالستار امیرمقامی جماعت اسلامی ہند شہر بیدر، ڈاکٹر عبدالقدیر صدر تنظیم رابطہ ملت ضلع بیدر اور گرو ناتھ گڈے صدر سدبھاوٴنا منچ ضلع بیدر نے بلا لحاظ مذہب و ملت تمام مرد و خواتین سے اس پروگرام میں شرکت کی گزارش کی ہے۔