عید الفطر نوع انسان کے لئے عدل، امن، مساوات اور بھائی چارہ کا پیغام ہے: امیر جماعت اسلامی ہند
امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی نے کہا ’میں تمام مسلمانوں کو اور ملک میں رہنے والے تمام بھائیوں اور بہنوں کو دل کی گہرائیوں سے عید الفطر کی مبارکباد پیش کرتا ہوں‘
نئی دہلی: امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی نے عید الفطر کے مبارک موقع پر میڈیا کو جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’میں تمام مسلمانوں کو اور ملک میں رہنے والے تمام بھائیوں اور بہنوں کو دل کی گہرائیوں سے عید الفطر کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔‘
سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ عید الفطر یہ اس بات کا جشن ہے کہ اللہ تعالیٰ نے انسانوں کے لیے ہدایت نازل فرمائی اور ان کو کامیابی کے راستے کی طرف رہنمائی فرمائی۔ رمضان المبارک قرآن مجید کا مہینہ ہے۔ اس مہینے میں مسلمان کثرت سے قرآن پڑھتے ہیں اور روزوں کے ذریعہ قرآن پر عمل کی طاقت و صلاحیت پیدا کرتے ہیں۔ رمضان کے اختتام پر عید کا موقع قرآن کے پیغام کو اور مسلمانوں کی حیثیت و پوزیشن کو یاد کرنے کا موقع ہوتا ہے۔
مسلمان اس موقع پر تکبیر کی صداوں کے ذریعے یاد کرتے ہیں کہ ان کا اصل کام ایک خدا کی بڑائی کا اور کبریائی کا اعلان ہے۔نماز عید میں صف بستہ ہوکر، کاندھے سے کاندھا ملاکر وہ یہ بھی یاد کرتے ہیں کہ سارے انسان برابر ہیں۔ سب ایک ہی ماں باپ کی اولاد ہیں۔ وہ ایک ساتھ خدا کے آگے سجدہ ریز ہوکر یہ اعلان کرتے ہیں کہ انسانیت کی معراج یہی ہے کہ ہم سب انسان اپنے پیدا کرنے والے خالق و مالک کے آگے اور اس کی مرضی کے آگے سرنڈر ہوں۔
اس موقع پر صدقہ فطر کے ذریعے مسلمان اپنی سماجی ذمے داریوں کو یاد کرتے ہیں کہ سماج کے تمام غریب اور کمزور طبقات کی ان پر ذمے داری ہے۔ایک مسلمان کا یہ فرض ہے کہ وہ کوشش کرے کہ ہر چہرے پر مسکراہٹ ہو۔ ہر ایک کا غم اور پریشانی دور ہو اور خدا کے سارے بندوں کو امن و امان، عدل و انصاف اور خوشی و اطمینان نصیب ہو۔یہ عید کا فلسفہ ہے۔ آیئے ہم اپنی زندگی کو اسی فلسفے کی عملی تصویر بنائیں۔ اپنے پیدا کرنے والے کی بندگی کی طرف بلانے والے،، اس کی مرضی کے آگے سرنڈر کرنے والے، انسانوں میں عدل و مساوات قائم کرنے والے اور تمام انسانوں کے لیے رحمت ہم بن جائیں۔
حسینی نے مزیدکہا کہ میں مختلف فرقوں اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے بھائیوں اور بہنوں کو بھی عید کی مبارکباد دیتے ہوئے یہ اپیل کرتا ہوں کہ آیئے ہم سب مل کر اس ملک میں امن و امان اور عدل و انصاف کی فضا کو عام کریں اور یہاں کے حقیقی مسائل کو حل کرنے کے لیے مل جل کر جدوجہد کریں۔عید مبارک۔