بیدر میں لاک ڈاؤن کا دوسرا دن، مساجد میں محدود لوگوں نے ہی ادا کی نمازِ جمعہ
بیدر: 17/جولائی (اے ایس ایم) ضلع بیدر میں آج جزوی لاک ڈاؤن کے دوسرے دن شہر کی مختلف مساجد میں نماز جمعہ کے اجتماعات منعقد ہوئے۔ حکومتی احکامات کی روشنی میں شہر کی قدیم تاریخی جامع مسجد بیدر میں نماز جمعہ کا بڑا اجتماع منعقد نہیں ہوسکا۔
جامع مسجد بیدر میں سماجی فاصلے کےساتھ طاق عدد میں ہی مصلیان نے نماز جمعہ ادا کرنے کی سعادت حاصل کی، جبکہ شہر کی مختلف مساجد میں نماز جمعہ کے مختصر اجتماعات منعقد ہوئے۔ مسجد حضرت شاہ حسین رحمت اللہ مدرس پورہ، مسجد تعلیم حضرت صدیق شاہ رحمتہ اللہ علیہ، مسجد عشمانیہ، مسجد مولا علی تعلیم پنجہ شاہ، مسجد علوی پورہ، مسجد مکی اندرون شاہ گنج دروازہ اوردیگرمساجد میں نماز جمعہ سماجی فاصلے کے ساتھ ادا کی جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
تمام مساجد میں کورونا وائرس کے خاتمے کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں اور کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے لئے جلد شفا یابی کے لیے بھی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔
آج جزوی لاک ڈاؤن کے دوسرے دن بھی جن کاروباری اداروں کو اجازت دی گئی ہے وہی کاروباری دوکانیں کھلی نظر آئیں۔ شہریان اشیاءضروریہ کی خریداری کے لئے اپنے چہروں پر مختلف اقسام کے ماسک لگائے نظر آئے۔
محکمہ پولس کی جانب سے اہم شاہراہوں پر بیارک لگا کر تیز رفتار سواریوں کو روک کر گھروں سے باہر نکلنے کی وجوہات دریافت کی جارہی تھیں۔ اس طرح دوسرے دن کا یہ جزوی لاک ڈاؤن بھی عوام کے بھرپور تعاون سے کامیاب رہا۔