ریاستوں سےمہاراشٹرا

پروفیسر مقبول احمد مقبول کو "مثالی ٹیچر ایوارڈ”

اودگیر: 30/اپریل (پی این) مہارشٹرا اُودے گیری کالج اُودگیر، ضلع لاتور (مہارشٹرا) کے شعبہ اردو میں برسرِ خدمت پروفیسر ڈاکٹرمقبول احمد مقبول کو ان کی نمایاں تدریسی خدمات کے ضمن میں مہاراشٹر اسٹیٹ اردو ساہتیہ اکادمی کی جانب سے مثالی ٹیچر ایوارڈ دیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ 15 ہزارروپیے نقد، مومنٹو اور شال پر مشتمل ہے۔ موصوف واقعی ایک مثالی ٹیچر ہیں جو 22 برسوں سےپوری دیانت داری کے ساتھ تدریسی خدمات انجام دے رہےہیں۔ موصوف طلباوطالبات کی اخلاقی تربیت کی طرف بھی بطورِ خاص توجہ دیتےہیں۔ یہی نہیں بلکہ ان میں تخلیقی، تنقیدی اور تحقیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے میں بھی پیش پیش رہتےہیں۔

مقبول احمد مقبول کی ان مخلصانہ خدمات کی وجہ سے وہ طلبا میں بے حد ہر دل عزیز  ہیں اور شہرمیں قدر کی نگاہوں سے دیکھے جاتے ہیں۔ تعلیم وتدریس کےمیدان میں مقبول احمد مقبول کی نمایاں خدمات اور سماج کی تعمیر میں ان کے گراں قدر حصے کے اعتراف میں ممبئی کے”ایسوسی ایشن آف مسلم پروفیشنلس” نامی ادارے کی جانب سے”نیشنل ایوارڈ فار ایکسلینس اِن ایجوکشن2021″ سے نوازا گیا ہے-

مقبول احمد مقبول شاعر ،نقاد اور محقق کی حیثیت سے بھی ادبی دنیا میں ممتاز مقام کے حامل ہیں۔ نظم و نثر میں ان کی سات کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ان کی مرتب کردہ دو کتابیں ڈگری کے نصاب میں بھی شامل ہیں۔ان کے لگ بھگ سومضامین ومقالات قومی اور بین الاقوامی رسائل وجرائد میں شائع ہو چکے ہیں۔اس کے علاوہ انھوں نے کم و بیش پچاس قومی سیمیناروں میں اپنے مقالے بھی پیش کیے ہیں۔موصوف کئی ادبی علمی اور تعلیمی اداروں سے وابستہ ہیں اور اپنا فعال کردار ادا کرتے ہیں۔ چھ طلباوطالبات نے ان کی نگرانی میں تحقیقی مقالے لکھ کر پی۔ ایچ ۔ڈی۔ کی ڈگریاں حاصل کی ہیں۔

قبل ازیں انھیں ادارہ ادبِ اسلامی مہاراشٹرکی جانب سے "حفیظ میرٹھی ایوارڈ” ، کرناٹک اردو اکیڈمی بنگلور کی طرف سےمجموعہء کلام "دھوپ اور صحرا” پر ایوارڈ اور عالمی ایوانِ ادب متحدہ عرب امارت کی جانب سے "خادمِ ریختہ” ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ہے۔اس کےعلاوہ ان کی طویل ادبی، علمی اور تعلیمی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئےکئی اداروں اور انجمنوں  نے انھیں سپاس نامے بھی عطا کیے ہیں۔ مثالی ٹیچر ایوارڈ کے حاصل ہونے پر مقبول احمد مقبول کو ان کےکالج کے اسٹاف اور دیگردوست و احباب نے مبارکباد پیش کی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!