تلنگانہریاستوں سے

ناظم جامعۃ الفلاح مولانا طاہرعمری مدنی کا دورہ جامعہ ریاض الصالحات حیدرآباد

جامعہ کے تعلیمی ریکارڈ کی ستائش، طالبات کو ملک‘ملت اور تحریک کے لیے مفید بننے کی تلقین

حیدرآباد: 23/مارچ (پی آر) معروف جید عالم دین وناظم جامعۃ الفلاح اعظم گڑھ اترپردیش، مولانا طاہر عمری مدنی نے لڑکیوں کی تعلیم کی دینی درسگاہ جامعہ ریاض الصالحات اعظم پورہ حیدرآباد کا دورہ کیااورجامعہ کے تعلیمی ریکارڈ کی ستائش کی۔مولانا نے اس موقع پر اپنے خطاب میں طالبات کوتلقین کی کہ وہ ملک، ملت اورتحریک کے لیے مفید بنیں اوراپنے اندرگہری علمی بصیرت پیدا کریں۔

مولانا نے طالبات کو عربی اسلوب سیکھنے کا مشورہ دیا۔قرآن کی زبان عربی ہے لہٰذا عربی اسلوب کا سیکھنا ضروری ہے۔ مولانا نے طالبات سے عائلی احکامات، نکاح وطلاق، ازدواجی مسائل اور وراثت کے احکام سے متعلق گہرائی کے ساتھ علم رکھنے کی نصیحت کی کہ وہ احسن طریقہ سے افہام وتفہیم کا کام انجام دے سکیں۔

جامعہ کی طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے مولانا طاہرمدنی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کا انتخاب کیا ہے لہٰذا اس پر آپ اللہ کا جتنا شکر ادا کریں کم ہے لہٰذامحنت سے تعلیم حاصل کریں،اپنے اوقات کا صحیح استعمال کریں۔اساتذہ و معلمات سے استفادہ کریں اور اپنے اندر دینی بصیرت پیدا کریں۔

سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے مولانا نے کہا کہ علم کے میدان میں حضرت عائشہ صدیقہ ؓ  کا بڑا اہم مقام ہے۔ بڑے بڑے صحابہ کرامؓ بھی آپ ؓ سے اسلام کے احکامات سے متعلق استفسار کیاکرتے تھے۔ مولانا نے طالبات کوقرآن وحدیث کوگہرائی اور گیرائی سے پڑھنے کی تاکیدکرتے ہوئے کہا کہ دینی مدارس وجامعات کا مقصد ہی یہی ہے کہ قرآن وحدیث کا گہرائی سے مطالعہ کیاجائے اور مسائل مستبنط کئے جائیں۔ اجتہاد سے مسائل کوحل کرنے کی گنجائش ہی اسلام کی ابدیت کا راز ہے۔

بعدازاں مولانا نے جامعہ کے اساتذہ ومعلمین سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر صدرجامعہ ریاض الصالحات ڈاکٹر سیدعبدالجبار عمری، سکریٹری جامعہ انجینئرمرزا اعظم علی بیگ ودیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!