اعظم خان کو ضمانت پر رہا کرنے سے سپریم کورٹ کا انکار
سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کو ہدایت دی ہے کہ وہ اعظم خان کے معاملہ کی جلد سماعت کرے۔ اس کے بعد اعظم نے اپنی درخواست ضمانت واپس لے لی۔
نئی دہلی: سماجوادی پارٹی کے قدآور لیڈر اور رام پور سے رکن پارلیمنٹ اعظم خان کو اس وقت بڑا جھٹکا لگا جب عدالت عظمیٰ نے ان کی عبوری ضمانت کی درخواست کو سننے سے انکار کر دیا۔ سپریم کورٹ نے اعظم خان کو الہ آباد ہائی کورٹ جانے کا مشورہ دیا ہے۔ سپریم کورٹ میں کہا گیا کہ یہ معاملہ عدالت عالیہ میں زیر التوا ہے، لہذا درخواست ضمانت پر سماعت بھی وہیں کی جانی چاہئے۔ دریں اثنا، سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کو بھی ہدایت دی ہے کہ وہ اعظم خان کے معاملہ کی جلد سماعت کرے۔ اس کے بعد اعظم نے اپنی درخواست ضمانت واپس لے لی۔
خیال رہے کہ یوپی کی سیتا پور جیل میں قید اعظم خان نے اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے کے لیے عبوری ضمانت پر رہائی کی درخواست کی تھی۔ درخواست میں اعظم خان نے الزام عائد کیا ہے کہ یوپی حکومت ان کے معاملہ کو جان بوجھ کر لٹکا رہی ہے تاکہ وہ اپنی انتخابی مہم میں حصہ نہ لے سکیں۔
سماعت کے دوران اعظم خان کی جانب سے کپل سبل نے کہا کہ میرے موکل کے خلاف 47 مقدمات ہیں۔ ہائی کورٹ ہماری بات سن رہا ہے لیکن ہمیں موقع نہیں دیا جارہا۔ میرے موکل کے خلاف سیاست کی جارہی ہے۔ اس پر عدالت عظمیٰ نے فوراً کہا کہ یہاں سیاست کی بات نہ کی جائے۔
اعظم خان فروری 2020 سے یوگی آدتیہ ناتھ کی زیرقیادت اتر پردیش حکومت کی طرف سے ان کے خلاف درج زمینوں پر قبضے، تجاوزات وغیرہ کے کئی مقدمات کے سلسلے میں جیل میں قید ہیں۔ اتر پردیش اسمبلی انتخابات 10 فروری سے 7 مراحل میں منعقد ہوں گے۔ ووٹوں کی گنتی 10 مارچ کو ہوگی۔