اترپردیشریاستوں سے

’’یوگی کو یوپی کے عوام سے معافی مانگنی چاہیے‘‘: ممتابنرجی

’اس بار بی جے پی کا جھوٹ پر مبنی جہاز یوپی میں نہیں اتر پائے گا‘، اکھلیش کا طنز اکھلیش یادو نے کہا کہ لوگ کولکاتا سے لکھنؤ پہنچ رہے ہیں لیکن بی جے پی کے لوگ خراب موسم بتا کر دہلی سے یوپی نہیں آ سکے۔

لکھنو: 8/فروری- اتر پردیش میں اسمبلی انتخاب کو لے کر سیاسی پارٹیوں کے درمیان ایک دوسرے پر نشانہ سادھنے کا سلسلہ جاری ہے۔ خراب موسم کے سبب وزیر اعظم مودی کی یوپی کے بجنور میں ریلی کینسل ہونے کے معاملے پر سماجوادی پارٹی سربراہ اور اتحاد کے وزیر اعلیٰ چہرہ اکھلیش یادو نے بی جے پی پر حملہ کیا ہے۔ اکھلیش نے منگل کو لکھنؤ میں کہا کہ لوگ کولکاتا سے لکھنؤ پہنچ رہے ہیں، لیکن بی جے پی کے لوگ خراب موسم بتا کر دہلی سے یوپی نہیں آ سکے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس بار اتر پردیش میں بی جے پی کا جھوٹ کا جہاز نہیں اتر پائے گا۔

واضح رہے کہ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سماج وادی پارٹی کے حق میں تشہیر کرنے لکھنؤ آئی ہیں۔ اسی دوران ممتا بنرجی کے ساتھ میڈیا سے بات چیت کے دوران اکھلیش نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’بی جے پی نے اپنی پوری طاقت مغربی بنگال میں لگا دی، لیکن وہ ممتا دیدی کو ہرا نہیں پائے۔ وہ کولکاتا سے لکھنؤ آئی ہیں، لیکن بی جے پی کے لوگ خراب موسم بتا کر دہلی سے یوپی نہیں آ سکے۔ اس بار بی جے پی کا جھوٹ کا جہاز یوپی میں نہیں اتر پائے گا۔‘‘

اس درمیان ممتا بنرجی نے بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ہاتھرس کا واقعہ، اناؤ کا واقعہ اور کووڈ کے دوران اتر پردیش میں گنگا میں پھینکی گئی لاشوں کے لیے ذمہ دار لوگوں کو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔ انھوں نے یوپی کے وزیر اعلیٰ سے سوال کیا کہ ’’یوگی جی، جب یہ ہو رہا تھا تو آپ کہاں تھے؟ یوگی جی کو اتر پردیش کے عوام سے معافی مانگنی چاہیے۔‘‘

ممتا بنرجی نے اس درمیان اعلان کیا کہ وہ 3 مارچ کو وارانسی جائیں گی۔ ممتا نے سماجوادی پارٹی کے حق میں تشہیر کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ سبھی سے سماجوادی پارٹی کی حمایت کرنے اور انھیں جیت دلانے اور بی جے پی کو شکست دینے کی گزارش کرتی ہوں۔ بی جے پی کے ذریعہ کیے گئے جھوٹے وعدوں کے جھانسے میں نہ آئیں۔ پریس کانفرنس کے آخر میں مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اسٹیج سے لوگوں کی طرف ایک فٹ بال بھی پھینکا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!