گلبرگہ میں بین الریاستی مشاعرے کا کامیاب انعقاد
گلبرگہ: 8/فروری (ایم آئی) اُردو اکیڈیمی بنگلور کے اشتراک سے مہاتماگاندھی یوتھ سیوا سنگھ، فیروزآباد کے زیراہتمام التمش گیسٹ ہاؤس گلبرگہ میں عظیم الشان مشاعرہ کا انعقاد عمل میں آیا، جس کی صدارت جناب سراج وجہی تیر انداز سابق رکن اُردو اکیڈمی و صدر مجلس شعور ادب گلبرگہ نے کی۔ سابق کارپوریٹر مولانا محمد نوح نے قرات کلام پاک اور شبیر احمد خان نے نعت شریف کا نذرانہ پیش کیا۔ مشاعرہ کی کارروائی سے پہلے اس باوقار تقریب میں گلبرگہ کے ممتاز تاجرالحاج کے نذیر احمد تماپوری المعروف اُستاد کی گراں قدرسماجی، وملی خدمات کے اعتراف میں اولین ایوارڈ ”حضرت سید شاہ احمد خلیفۃ الرحمن ؒ“فیروز آباد برائے 2022بدست جواں سال سجادہ نشین درگاہ فیروزآباد تقدس مآب الحاج حبیب الرحمن موصوف کے خدمت میں پیش کیا گیا۔
اس موقع پر ایک جامع تحریر الحاج نذیر احمد تماپوری اُستاد کی شخصیت اور خدمات پر پڑھ کر سامعین کے گوش گذار بھی کی گئی۔ مظہر السلام انعامدار نے ڈاکٹر معاذا لدین خان کو کرناٹکا اردو اکیڈیمی بنگلور کے رجسٹرارفائز ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے مستقبل میں فیروزآباد کے نوجوانوں کی جانب سے اردو زبان کے فروغ کے لئے مواضعات میں کوششیں کرنے کایقین دلایا۔ تمام مہمانوں کا پر جوش استقبال کرتے ہوئے قدردانی کے جذبہ سے شال پوشی کے بعد باقاعدہ مشاعرہ کی کارروائی کا آغاز ہوا۔
کہنہ مشق مقامی شعراء کرام نور الدین نور غوری، سراج وجہی تیر انداز، انجینئر اکرم نقاش، قاضی انور، شیخ محمدیوسف، راشد ریاض اور مہمان شعراء کرام کریم الدین کمیٹی مہارشٹرا، طہورظہیر آبادی حیدرآباد، مبین احمد زخم یادگیر، اوصاف مجاہد تماپور نے اپنے اپنے تازہ کلام سے سامعین کو محضوظ کیا۔
اُردو کے اس آب وتاب اجلاس میں الحاج عبدالواحد جاگیردار، عبد الطیف چیرمین گرام پنچایت فیروزآباد، سلیم التمش مالک التمش گیسٹ ہاوز، اور سید فاروق پٹیل نے شرکت کی۔ عبد الکلیم جاگیردار، سیکریٹری مہاتما گاندھی یوتھ سیوا سنگھ فیروزآباد اورشیخ رضوان، الطاف جاگیردار، حفیظ الرحمن،عارف پٹیل، صفی الدین ملاں، سید انور شاداب، ارشد، شیخ فاروق، جعفر،شہباز پٹیل، پرویز مشرف نے پروگرام کی کامیابی کے لئے معقول انتظامات کر رکھے تھے۔
مبین احمد زخم نے بحسن وخوبی نظامت کا فریضہ اور عبد القیوم انعامدار نائب صدر ملت نگر مسجد شاہ آباد نے شکریہ کے کلمات پیش کیے اس طرح مشاعرہ کی کارروائی اختتام پذیر ہوئی۔