ہمناآباد تحصیلدار پر حملہ، 6 افراد پولیس کی حراست میں
ہمناآباد: 29/جنوری (ایس آر) ہمناآباد تحصیلدارپردیپ کمار ہیرے مٹھ پر بہوجن سماج پارٹی کے لیڈران کی جانب سے حملہ کیا گیا۔ تفصیلات کے بموجب 26جنوری کو رائچور کی ایک عدالت میں جج نے پرچم کشائی سے قبل ڈاکٹر بی آرآمبیڈکر کی تصویر کو ہٹا دیا تھا، مذکورہ واقع کے خلاف بہوجن سماج پارٹی کی جانب سے ایک یاداشت دینے کے لئے پارٹی کے لیڈران ہمناآباد تحصیل آفس کو گئے جہاں پر تحصیلدار ایک میٹنگ میں مصروف تھے کافی وقت بیت جانے کے بعد تحصیلدار باہر نہیں آنے پر پارٹی کے قائدین برہم ہوکر میٹنگ ہال میں گھس گئے جہاں پر تحصیلدار کے ساتھ گرما گرم بحث ومباحثہ کے دور ان ان پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجہ میں یہ زخمی ہو گئے۔
اس دوران دفتری عملہ نے بیچ بچاؤ کرتے ہوئے تحصیلدارکو میٹنگ ہال سے نکال کر لے گئے، مذکورہ واقع پیش آنے کے بعد ہمناآباد پولیس نے بہوجن سماج پارٹی کے ریاستی سیکریٹری انکوش گھوکھلے، ضلعی صدر محمد جمیل خان کے بشمول جملہ6 ملزمین کو حراست میں لیا ہے اور مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ بہوجن سماج پارٹی کے لیڈارن کی جانب سے بھی تحصلیدار کے خلاف اٹرا سٹی کیس کرنے کی بات کہی جا رہی ہے، مگر تادم تحریر اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
ہمناآباد تحصیلدار پر حملہ کے خلاف کرناٹک راجیہ سرکاری نوکر سنگھ کا احتجاج، اسسٹنٹ کمشنر کو پیش کی یاداشت، ملزمین کے خلاف سخت قانونی کاروائی کا مطالبہ
ہمناآباد تحصیلدار پر بہوجن سماج پارٹی کے لیڈارن کی جانب سے حملہ کیے جانے کے بعد کرناٹک راجیہ سرکاری نوکر سنگھ کی جانب سے ہمناآباد تحصیل آفس میں احتجاج منظم کیا گیا۔ جس میں تحصیل آفس کے تمام ملازمین اپناکام بند کرتے ہوئے احتجاج میں حصہ لیا، احتجاج کے پیش نظر بسواکلیان انچارج اسسٹنٹ کمشنر محمد نعیم نے ہمناآباد کا ہنگامی دورہ کیااور تمام احتجاجیوں کا اس بات کا تیقن دیا کے خاطیوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی۔
ان کے تیقن کے بعد تمام ملازمین نے اپنا احتجاج ختم کیا اور ان کو ایک یاداشت حوالے کی۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے اخباری نمائندوں سے کہا کے تمام خاطیوں کے خلاف موثر کاروائی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے محکمۂ پولیس کے عہدیداران کو،مذکورہ واقع پیش آنے کے بعد تمام بیدر ضلع میں احتجاج کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔
ہمناآباد کے رکن اسمبلی راج شیکھر پاٹل نے تحصلیدار کی عیادت کی
ہمناآباد کے رکن اسمبلی راج شیکھر پاٹل نے سرکاری اسپتال پہنچ کر بہوجن سماج پارٹی کے لیڈران کے حملہ میں زخمی ہونے والے تحصیلدار پردیپ کمار ہیرے مٹھ کی عیادت کی اور انکی صحت سے متعلق تفصیلات ڈاکٹرس سے حاصل کی اور ڈاکٹرس کو ہدایت دی کے انکا بہتر علاج کیا جائے۔ اس موقع پر ایم ایل سی ڈاکٹر چندر شیکھر پاٹل، ایم ایل سی بھیم راؤپاٹل کے علاوہ سرکاری اسپتال کے ڈاکٹرس موجود تھے۔