امر جوان جوتی کو بجھایا جانا، تاریخی حقائق کو مٹانے کی طرف فاشسٹوں کا ایک اور قدم: SDPI
نئی دہلی: 24/جنوری (پی آر) سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI) کے قومی جنرل سکریٹری الیاس محمد تمبے نے اپنے جاری کردہ اخباری بیان میں کہا ہے کہ ہندوتوا فاشسٹ حکومت کی طرف سے نئی دہلی کے انڈیا گیٹ پر نصف صدی پرانی امرجوان جوتی کو بجھانا کوئی تعجب کی بات نہیں ہے، فاشسٹ تاریخی حقائق کو مٹانا چاہتے ہیں اور تاریخ کو اپنی خواہشات اور خیالات کے مطابق دوبارہ لکھنا چاہتے ہیں اور امر جوان جوتی کا بجھایا جانا فرضی تاریخ لکھنے کی طرف ایک اور قدم ہے۔ ہندوتوا فاشزم ایک ایسا نظریہ ہے جو نفرت کی بنیاد پر بنایا گیا ہے اور ملک میں سماج کے بعض طبقات کے بارے میں من گھڑت جھوٹ پر مبنی ہے اور اسی لیے وہ حقیقی تاریخی حقائق سے خوفزدہ ہیں۔
مودی کی زیر قیادت فاشسٹ حکومت جب مرکزمیں اقتدار میں آئی تو پہلا کام پارلیمنٹ کی لائبریری میں ریکارڈس کو جلانا تھا۔ اس طرح جدوجہد آزادی، ملک کی آزادی اور اس کے بعد میں ہوئے گاندھی جی کے قتل کے تمام دستاویزی ثبوتوں کو مٹادیا گیا۔ سڑکوں، ہوائی اڈوں، ریلوے اسٹیشنوں وغیرہ کے نام بدلنا مرکزاور ان ریاستوں میں آرایس ایس کی حکومت کا معمول رہا ہے،یہ موجودہ پارلیمنٹ کی عمارت ہے جو سینٹرل وسٹا پراجیکٹ کی تکمیل کے بعد منہدم ہونے والی یادگاروں کی فہرست میں اگلے نمبر پر ہے۔ امر جوان جوتی کو انڈیا گیٹ پر انگریزوں نے پہلی جنگ عظیم کے دوران مارے گئے 84,000ہندوستانی فوجیوں کی یاد میں تعمیر کیا تھا، سال 1972میں اس وقت کی اندرا گاندھی حکومت نے 1971میں پاکستان کے خلاف لڑتے ہوئے مارے گئے 3,843فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے انڈیا گیٹ پر امر جوان جوتی قائم کیا تھا۔
موجودہ آر ایس ایس حکومت نے 2019میں امر جوان جوتی سے بمشکل 400میٹر کے فاصلے پر قومی جنگی یادگارتعمیر کی تھی اور فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تمام سرکاری تقریبات بشمول یوم جمہوریہ اور یوم آزادی کو امر جوان جوتی سے نئے شعلے کی جگہ پر منتقل کردیا ہے۔ اب امر جوان جوتی پر موجو د پرانے شعلے کو بجھا دیاگیا ہے اور قومی جنگی یادگار پر شعلہ روشن کردیا گیا ہے۔ بی جے پی کے ترجمان کی طرف سے یہ جواز پیش کیا گیا ہے کہ انڈیا گیٹ پر کنندہ 84,000فوجیوں کے نام صرف چند شہیدوں کے ہیں جو پہلی جنگ عظیم اور اینگلو افغان جنگ میں انگریزوں کیلئے لڑے تھے اور اس طرح نو آبادیاتی ماضی کی علامت جنگ میں اپنی جانیں گنوانے والے ہندوستانی فوجیوں کی بے حرمتی کے مترادف ہے۔
سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا اس توہین آمیز اقدام کی سخت مذمت کرتی ہے اور محبان وطن سے اپیل کرتی ہے کہ وہ فوجیوں کی اس بے عزتی کے خلاف احتجاج کریں۔