بیدر: وزڈم عربک مدرسہ کا جلسہ دستار بندی
ورڈ آف گاڈ کے ساتھ ورلڈ آف گاڈ پڑھائیں: محمد آصف الدین
بیدر: 24/ جنوری (پی آر) مولانا ابو طلحہ قاسمی مہتمم وزڈم عربک مدرسہ کی اطلاع کے بموجب وزڈم عربک مدرسہ کا عظیم الشان جلسہ دستار بندی و خمار بندی مغل گارڈن فنگشن ہال، بیدر میں منعقد ہوا۔ تفصیلات کے بموجب محمد آصف الدین سکریٹری وزڈم ادارہ جات نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ Word of God (ناظرہ و حفظِ قرآن) پڑھانے کے ساتھ ساتھ World of God (خدا کی کائنات) پڑھانے کی ضرورت ہے۔ اللہ تعالیٰ اپنی خدائی و ربوبیت کو پورے قرآن میں بہت زور کے ساتھ آفاق و انفس کی تخلیق کو دلیل کے طور پر پیش کر کے منوایا ہے۔ ایمان کی مضبوطی اور ایمان کی دعوت، قرآنی اسلوب میں World of God کے ذریعہ مکمل ہوتی ہے۔ لہذا حفظ ِ قرآن کے ساتھ ساتھ قرآن فہمی کی بھی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ سال سے ان شاء اللہ وزڈم عربک مدرسہ ناظرہ و حفظ ِ قرآن کے ساتھ قرآن فہمی کا مربوط کورس(Integreted Course) شروع کرنے جا رہا ہے۔
موصوف نے مزید کہا کہ 613سے زائد صفحات پر مشتمل کتاب کا ازبر کر لینا یہ بھی قرآن کے کلام اللہ ہونے کی علامت ہے۔ جبکہ 200 صفحات کی بھی دوسری کوئی کتاب لفظ بہ لفظ یاد کرنا ممکنات میں سے نہیں ہے۔ قرآن کو محفوظ رکھنے کے انتظامات میں سے ایک حفظِ قرآن بھی ہے۔ قرآن پر پابندی لگائی جائے یا جلا دیا جائے یا بہا دیا جائے لیکن قرآن لاکھوں حفاظ کے سینوں میں محفوظ رہتا ہے، قیامت تک قرآن کو دنیا کی کوئی حکومت یا شیطانی اقتدار ختم نہیں کر سکتا۔ اس کی حفاظت کی ذمہ داری اللہ تعالیٰ نے خود لی ہے۔
محمد نظام الدین نے انہی اہم باتوں کو بزبان کنڑا پیش کیا۔ مولانا ابو طلحہ قاسمی نے حفظ قرآن کی فضیلت کے عنوان پرتفصیلی روشنی ڈالی۔ اے۔ ایم اقبال الدین انجینئر نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ حفظ قرآن مکمل کرنے والی 3 خوش نصیب طالبات حافظہ ہدیٰ رابعہ بنت محمد آصف الدین کی خمار بندی مولانا ابو طلحہ قاسمی کے ہاتھوں، حافظہ ماریہ خانم بنت محمد محی الدین کی خمار بندی مولانا عبد الوحید قاسمی کے ہاتھوں اور حافظہ اقراء تنزیل بنت محمد آصف کی خمار بندی مولانا محمد مونس کرمانی کے ہاتھوں عمل میں آئی۔ اور ایک خوش نصیب طالب علم حافظ منیر الدین بن مشیر الدین کی دستار بندی مولانا عبد الغنی خان کے ہاتھوں عمل میں آئی۔
خوش نصیب حفاظ کے چاروں والد کی شال پوشی و گل پوشی کے ذریعہ تہنیت پیش کی گئی۔ جبکہ ان چاروں طلبہ کی والدہ کا بھی تہنیت محترمہ بشریٰ جمال صاحبہ نے پیش کی۔ مفتی افسر علی نعیمی ندوی صدر شعبہ اسلامیات وزڈم ادارہ جات، ابو طلحہ قاسمی، حافظ وقاری شاکر حسین اور حافظ نسیم اختر کی شال پوشی اور گل پوشی محمد صلاح الدین فرحان جوائنٹ سکریٹری وزڈم ادارہ جات نے کی۔
اس موقع پر ڈی ڈی پی آئی بیدر، ڈی ڈی پی یو بیدر اور ڈاکٹر آنند راؤ کی خدمت میں قرآن کریم کا تحفہ بزبان کنڑی پیش کیا گیا۔ اسٹیج پر عبد المنان سیٹھ، حافظ عبد الحکیم، محمد جواد جے۔ ایم۔ سی صدر عید گاہ بیدر، ڈاکٹر مقصود چندا، محمد فیاض کے۔ جی۔ این، انجینئیرعبد الستار امیر مقامی JIH، منصور احمد قادری، سعود کونسلر، سمیر کونسلر اور موہن کونسلر موجود تھے۔ علماء کرام، سماجی، ملی، سیاسی جماعتوں کے قائدین، صحافی اور معززین شہر کی کثیر تعداد موجود تھی۔ مفتی افسر علی نعیمی ندوی نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔ سید علی سر نے کلمات تشکر ادا کیا۔ مولانا عبد الوحید قاسمی کی دعا پر جلسہ اختتام پذیر ہوا۔ تمام مہمانان وتمام شرکاء (مرد و خواتین) کے لیے وزڈم انتظامیہ کی جانب سے عشائیہ کا انتظام کیا گیا تھا۔