حج ہاؤس کے CEO کو برخاست کیا جائے
ساجد محمود شیخ میراروڈ ضلع تھانہ
مکرمی !
اخبار کے ذریعے یہ اطلاع ہم تک پہنچی ہے کہ ممبئی میں واقع حج ہاؤس میں جو مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کے لئے کوچنگ کلاس چلائی جاتی ہے وہاں کے بعض طلبہ کو اچانک ہوسٹل خالی کرنے کا حکم دیا گیا ہے اور اطلاع بذریعہ وہاٹس آپ دی گئی ہے.
حج ہاؤس کے سی ای او کی یہ سراسر تانا شاہی ہے کہ بغیر پیشگی اطلاع کے اور بغیر کسی نوٹس کے اچانک وہاٹس آپ کے ذریعے حکم صادر کر دیا گیا ہے ابھی ان میں سے بعض طلبہ کا کورس مکمل بھی نہیں ہوا ہے اور وہ یونین پبلک سروس کمیشن کا مین امتحان لکھنے کی تیاری کر رہے تھے اور بعض طلبہ مہاراشٹر پبلک سروس کمیشن کے امتحان میں شریک ہونے والے تھے.
سی ای او کے اس فیصلہ میں طلبہ کے ساتھ مخاصمت کی بو نظر آ رہی ہے کیونکہ طلبہ نے کوچنگ کلاس میں ہونے والی بے ضابطگی اور سہولیات کی عدم فراہمی کو لے کر پی ایم او میں شکایت کی تھی ۔ اس اچانک فیصلے سے ذہین غریب اور مالی طور پر پسماندہ خاندانوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کا نقصان ہونے کا اندیشہ ہے ۔
حج ہاؤس ممبئی ملّتِ اسلامیہ کی امانت ہے کیونکہ یہ حجاج کرام کے پیسوں سے بنا ہے اور اس پر پوری ملت کا حق ہے میرا مرکزی حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ حج ہاؤس ممبئی کے سی ای او کو فوراً سے پیشتر برخاست کرے ۔