میراروڈ جماعت اسلامی کی ٹیلرنگ کلاس میں تقسیم اسناد
میراروڈ: جماعت اسلامی ہند، میراروڈ کی جانب سے چلائی جانے والی مفت ٹیلرنگ کلاس کے تیسرے بیچ مکمل ہونے پر ٹیلرنگ کا ہنر سیکھنے والی طالبات کو سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔ اتوار 17 جنوری کو اسلامک سنٹر میں ایک پروگرام رکھا گیا تھا۔ جس میں لڑکیوں کو سرٹیفکیٹ دئیے گئے جن کا کورس مکمل ہوگیا ہے۔
جماعت اسلامی ہند، میراروڈ کی جانب سے بیوہ، طلاق شدہ اور بے سہارا خواتین اور یتیم لڑکیوں کے ایک مفت ٹیلرنگ کلاس چلائی جاتی ہے تاکہ وہ ہنر سیکھنے کے بعد خود کفیل ہو جائیں اور انہیں کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے کی نوبت نہیں آئے۔
اس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی میونسپل کارپوریٹر روبینہ نے کہا کہ آپ لوگ ہنر کو معمولی نہ سمجھیں اور اس ہنر کو معاشی بدحالی ختم کرنے کے لئے ایک ہتھیار بنالیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب تک دنیا قائم رہے گی کپڑے پہننے کا رواج ختم نہیں ہوگا صرف فیشن بدلتا رہے گا۔ انہوں نے طالبات کو مشورہ دیا کہ وہ ہمیشہ نئے نئے فیشن اور ملبوسات کے بارے میں اپڈیٹ لیتے رہیں۔
سماجی کارکن مشن امپاسبل کی کارکنان اسمیتا کدم نے طالبات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ گھر چلانا صرف مردوں کا کام نہیں ہے ہم خواتین بھی گھر کے اخراجات پورے کرنے کے لئے کوشش کر سکتی ہے۔ ایک اور سماجی کارکن پرانیتا دھگے نے طالبات کو مشورہ دیا کہ ہنر سیکھنے کے بعد خاموش نہ بیٹھیں اور کام کرتی رہیں۔ (رپورٹ: ساجد محمود شیخ)