خبریںقومی

اگر گوا میں ہماری حکومت بنتی ہے تو ہر خاندان کو 5 سالوں میں 10 لاکھ روپے کا براہ راست فائدہ ملے گا: کیجریوال

نئی دہلی/گوا: عام آدمی پارٹی (عآپ) کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے اتوار کو گوا کے باشندوں کے سامنے اپنا 13 نکاتی ایجنڈے کا وژن پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگر گوا میں عآپ کی حکومت بنتی ہے تو ہم اس ایجنڈے پر کام کرکے نہ صرف مستقبل کا گوا بنائیں گے، بلکہ ہر خاندان کو پانچ سالوں میں 10 لاکھ روپے کا براہ راست فائدہ ملے گا۔

کیجریوال، جو گوا کے دورے پر ہیں، ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم ہر خاندان کو بجلی، پانی، صحت اور تعلیم کی سہولیات مفت فراہم کریں گے اور 3000 روپے بے روزگاری بھتہ اور خواتین کو 1-1 ہزار روپے دیں گے۔ اس سے گوا میں ہر خاندان کو اوسطاً 2 لاکھ روپے سالانہ اور پانچ سالوں میں 10 لاکھ روپے کی بچت ہوگی۔ دہلی میں ہم نے ایک ایماندار حکومت چلاکر دکھائی ہے اور خود وزیر اعظم نریندر مودی نے عام آدمی پارٹی کو ایمانداری کا سرٹیفکیٹ دیا ہے۔

ہم پر پولیس اور سی بی آئی کا چھاپہ مارا گیا اور ہماری 400 فائلوں کی جانچ کی گئی، لیکن ان میں ایک بھی غلطی نہیں ملی۔ آزاد ہندوستان میں اب تک کی سب سے ایماندار پارٹی، عام آدمی پارٹی ہے اور ہم گوا میں بھی بدعنوانی سے پاک اور ایماندار حکومت دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 14 فروری کو الیکشن ہے اور اس بار گوا کے لوگ بہت پرجوش ہیں۔ گوا کے لوگ محسوس کر رہے ہیں کہ اس بار حقیقی تبدیلی آئے گی۔ گوا کے لوگوں کے پاس اب تک کوئی متبادل نہیں تھا۔ چنانچہ ایک بار بھارتیہ جنتا پارٹی، ایک بار کانگریس اور ایک بار پھر بی جے پی اور ایک بار پھر کانگریس کو منتخب کیا جارہا تھا۔ اب کانگریس تو ایک طرح سے بی جے پی بن چکی ہے۔ سبھی کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں چلے گئے۔ اس لیے سارا ایک ہی خاندان، ایک ہی کنبہ ہے۔

کیجریوال نے کہا کہ گوا کے لوگ ان دونوں پارٹیوں سے تنگ آچکے ہیں اور اب کسی بھی حالت میں تبدیلی چاہتے ہیں۔ جب سے گوا آزاد ہوا، تب سے لیکر آج تک 15 سال بی جے پی کی حکومت رہی ہے، 15 سال ایم جے پی کا اقتدار رہا اور 25 برس کانگریس نے حکومت کی۔ گوا کی آج کی حالت کے لیے یہ تمام پارٹیاں ذمہ دار ہیں۔ آج نوجوانوں کی جو حالت ہے، جو بے روزگاری ہے، اتنی بدعنوانی ہے، اس کے لئے یہ ساری پارٹیاں ذمہ داری ہیں۔ اسی لیے آج عام آدمی پارٹی ایک امید بن کر سامنے آئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!