خواتین کو ہراج کرنے کی ایپ بنانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ
آل انڈیا دلت مسلم او بی سی ویلفیر اسوسی ایشن کے قومی صدر محمد رفیق کی حکومت سے اپیل
حیدرآباد: 6/جنوری (پی آر) آل انڈیا دلت مسلم او بی سی ویلفیر اسوسی ایشن کے قومی صدرمحمد رفیق اور بانی جہانگیر پاشاہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہاکہ آن لائن ایپ پر مسلم خواتین کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے ان کے ہراج کی مذموم حرکت کے خلاف حیدرآباد میں سائبرکرائم کی جانب سے مقدمہ درج کیا گیا۔ ایپ پر جن خواتین کی تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے یہ مذموم حرکت کی گئی ہے ان کی جانب سے ملک بھر میں کئی مقامات پر شکایات درج کرائی جانے لگی۔ ملک میں فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کی کوشش کرنے والے ان لوگوں کی جانب سے یہ حرکت کی جارہی ہے جو ماحول کو بگاڑنے اور مسلم دشمنی کو فروغ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔
اس سے قبل بھی ایک ویب سائٹ مسلم خواتین کی تصاویر کا غلط استعمال کرتے ہوئے انھیں فروخت کرنے کی بات کہی گئی تھی۔ پولیس کی جانب سے مقدمہ درج کرنے تک ہی اکتفا نہیں کرنا چاہئے بلکہ خاطیوں کو گرفتار کرنے اور انھیں سزا دینا چاہئے۔ اصل سرغنہ کے گرفتار ہونے کی خبروں کی بیچ اس بات کی بھی ضرورت ہے کہ اس طرح کی حرکت کرنے والوں کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔ تاکہ کوئی بھی اس طرح کی حرکت نہ کرسکے۔
آل انڈیا دلت مسلم او بی سی ویلفیر اسوسی ایشن کے قومی صدرمحمد رفیق نے مزید کہا کہ کسی بھی مذہب کی خواتین کی عزت کرنا چاہئے۔ خواتین کی بے عزت کو قطعی برداشت نہیں کرنا چاہئے۔ آئے دن مختلف ویب سائٹ اور اپلی کیشنس کے ذریعے سے جو حرکتیں کی جارہی ہیں۔ وہ قابل مذمت ہے۔ متعلقہ محکمہ کو چاہئے کہ وہ اس کا سخت نوٹ لے۔ امن وامان فضا کو مکدرہونے سے بچاتے ہوئے سلامتی کی صورت حال کوبرقرارکھنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔