بھالکی مٹھ کے سوامی بسوا لنگ پٹا دیوارے کے خلاف مقدمہ درج کیاجائے: انکوش گھوکھلے
صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے بہوجن سماج پارٹی کے ریاستی سیکریٹری انکوش گھوکھلے کا مطالبہ
ہمناآباد: 24/دسمبر(ایس آر) بھالکی مٹھ کے سوامی بسوالنگ پٹادیوارے کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے کیونکہ انہوں نے بچوں کے کھانے کا حق چھیننے کی کوشش کی ہے۔ یہ بات ہمناآباد کے گیسٹ ہاؤس میں طلب کردہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بہوجن سماج پارٹی کے ریاستی سیکریٹری انکوش گھوکھلے نے کہی۔
انہوں نے مزید کہا کے علاقہ حیدرآباد کرناٹک کے بچوں میں پروٹین کی کمی کے باعث سرکاری اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کو کھانے کے ساتھ انڈے فراہم کرنے کا حکومت کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے اس فیصلہ کا بہوجن سماج پارٹی کی جانب سے خیر مقدم کیا جاتا ہے، مگر اس فیصلہ کی مخالفت کی جارہی ہے۔
وزیر اعلی بسوارج بومئی نے جب بھالکی کادورہ کے موقع پرمٹھ کو بھی گئے اس موقع پر مٹھ کے سوامی بسوالنگ پٹادیوارے نے وزیر اعلی کو ایک یاداشت حوالے کرتے ہوئے مطالبہ کیا کے سرکاری اسکولوں کے طلباء کو فراہم کیے جانے والے انڈوں کی سربراہی فوری طور پر روک دی جائے ان کی اس حرکت کا بہوجن سماج پارٹی شدید طور پر مذمت کرتی ہے۔
آزاد بھارت میں ہر شہری کو اپنی پسند کا کھانا کھانے کی، اپنے پسند کا مذہب اختیارکرنے کی اجازت ہے مٹھ کے سوامی کون ہوتے ہیں یہ کہنے والے کے طلباء کو کیا کھانا چاہئیے اور کیا نہیں کھانا چاہئیے؟ مہاتما بسویشور کے نام اور اُصولوں پر مٹھوں کا چلائے جانے کی بات کہی جاتی ہے مہاتما بسویشور نے ذات پات کی بات کبھی نہیں کی سماج کے ہر فرد کو اپنا کہا مگر آج مٹھوں کے سوامیوں کے لبوں پر تو بسویشور کی بات ہوتی ہے مگر ان کے دل اور دماغ میں آر ایس ایس کے اُصول موجود رہتے ہیں۔ آج آر ایس ایس کی ہدایت پر مٹھ چل رہے ہیں مٹھوں میں ان کے اجلاس منعقد ہو رہے ہیں۔
بیدر ضلع میں لنگایت سماج سے تعلق رکھنے والے 3 ارکان اسمبلی ایشور کھنڈرے، راج شیکھر پاٹل، شرنو سلگر اور ایک رکن پارلیمان بھگونت کھوبا موجود ہیں ان کو اس بات کی وضاحت کرنی چاہئیے کہ وہ سوامی کے بیان کی تائید کرتے ہیں یا مخالفت کرتے ہیں؟ کیونکہ ان کو تو ووٹ ہر ذات کے فرد نے دیا ہے اس لئے ان کو چاہئیے کہ جلد از جلد اس بات کی وضاحت کریں۔سوامی کے بیان کی مخالفت میں بہوجن سماج پارٹی کے لیڈران نے پریس کانفرنس کے اختتام پر انڈے کھاکر احتجاج کیا۔
اس موقع پر بہوجن سماج پارٹی کے ضلعی صدر محمد جمیل خان، رمیش گڑونتی، تپنا والی، کانیف جان، محمد الطاف، محمد واجد چٹگوپہ، شیو راج ساگر کے علاوہ پارٹی کے دیگر کارکنان موجود تھے۔