تلنگانہریاستوں سے

مولانا محمد یوسف اصلاحی کا سانحہٴ ارتحال، ناظم شہر جماعتِ اسلامی حیدرآباد کا اظہار تعزیت

حیدرآباد: 22/دسمبر(پی آر) بین الاقوامی سطح پر مقبول و معروف جید عالم دین‘ درجنوں کتابوں کے مصنف مولانا محمد یوسف اصلاحی کے سانحہٴ ارتحال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے ناظم شہر جماعت اسلامی ہند عظیم تر حیدرآباد حافظ محمد رشاد الدین نے اِسے بڑے نقصان سے تعبیر کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ آسان‘ عام فہم اور پُر کشش اُسلوب میں مولانا محمد یوسف اصلاحی اسلامی تعلیمات کو اپنی کتابوں اور تقاریر کے ذریعہ اپنی ساری زندگی پیش کرتے رہے۔ ساری دنیا میں آپ کی کتابیں اور تقاریر ہر خاص و عام میں مقبول ہیں۔ ان کی کتاب آداب زندگی آج بھی کم و بیش ہر گھر میں پائی جاتی ہے اور والدین شادی کے موقع پر اپنے بچوں کو اس کتاب کا تحفہ آج بھی اس امید سے دیتے ہیں کہ اس کے مطالعہ سے زندگی میں صالح تبدیلی آئے۔

ناظم شہر نے کہا کہ مولانا یوسف اصلاحی کی رحلت سے تحریک اسلامی میں ایک بڑا خلاء پیدا ہوا ہے۔ وہ جماعت اسلامی ہند کی مختلف ذمہ داریوں پر فائز رہے اس کے علاوہ مولانا نے عالمی سطح پر بیشمار دعوتی اسفار کیے اور بر صغیر کے علاوہ دنیا بھر میں اپنے دعوتی خطابات سے علم کی شمع روشن کی۔ وہ تصنیف و تالیف کا عمدہ ذوق رکھتے تھے اُن کے خطابات‘ دروس و تصانیف نے کئی ا یک زندگیاں بدل دیں اللہ تعالیٰ ان تمام کوششوں کو اُن کے لئے مغفرت کا ذریعہ بنا دے اور اُن کے درجات بلند کرے اور اپنے جوارِ رحمت میں جگہ نصیب فرمائے۔(آمین)

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!