انتقال پُرملال

مولانا محمد یوسف اصلاحیؒ کا انتقال پُر ملال، ملی حلقوں میں غم کی لہر، رامپور میں ہوگی تدفین

عالمی شہرت یافتہ ممتازعالم دین و اسلامی تحریک کی قد آور شخصیت مولانا یوسف اصلاحی کا انتقال پُرملال

نئی دہلی: 21/دسمبر (اے این این) عالمی شہرت یافتہ ممتازعالم دین و اسلامی تحریک کی قد آور شخصیت مولانا یوسف اصلاحی کا گزشتہ شب 1:15 بجے یعنی آج بروز منگل 21 دسمبر 2021 کو صبح کی اولین ساعتوں میں انتقال پُرملال ہوگیا۔ اور یہ خبر دینی، علمی اور تحریکی حلقوں میں یہ خبر بہت افسوس کے ساتھ سنی جائے گی۔ انا للہ وانا الیہ راجعون

مولانا کے انتقال کی خبر عام ہوتے ہی ملی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مولانا ایک ماہ سے تنفّس اور قلب کے عوارض میں مبتلا تھے۔ پہلے انہیں مرادآباد کے ایک اسپتال میں داخل کیا گیا ، پھر نوئیڈا کے فورٹس اسپتال میں منتقل کیا گیا۔ ان کی حالت سنبھلتی اور بگڑتی رہی۔ کئی مرتبہ ان کے انتقال کی افواہ اڑی اور عالمی سطح پر ان کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔ بالآخر یہ افواہ سچ ثابت ہوئی۔ آپ ممتاز عالم دین آداب زندگی، آسان فقہ جیسی کتابوں کے مصنف اورجماعت اسلامی ہند کی مرکزی مجلس شوری کے رکن رہے۔

مولانا یوسف اصلاحی کے صاحبزادہ ڈاکٹر سلمان اسعد نے بتایا کہ تدفین آج منگل 21 دسمبر 2021 کو بعد نماز عصر 4:30 بجے مولانا کے وطن رام پور میں ہوگی۔

اللہ تعالی ان کے درجات بلند فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین! اِنّا لِلّٰهِ وَاِنّا اِلَيْهِ رَاجِعُوْن

مولانا یوسف کی ولادت 1932ء میں بریلی (ریاست اترپردیش) میں ایک علمی گھرانے میں ہوئی۔ ان کے والد مولانا عبدالقدیم خان ؒ تفسیر و حدیث کے بڑے عالم تھے۔ تجوید و حفظِ قرآن اور ابتدائی تعلیم کے بعد انھوں نے بریلی اسلاميہ كالج سے ہائی اسکول پاس کیا۔ پھر والد ماجد کی خواہش پر مدرسہ مظاہر علوم سہارن پور میں داخل ہوئے، جہاں دو سال تعلیم حاصل کرنے کے بعد مدرسۃ الاصلاح سرائے میر اعظم گڑھ چلے گئے اور وہاں کے اساتذہ ، خاص طور پر مولانا اختر احسن اصلاحیؒ سے کسبِ فیض کیا۔ انھوں نے امتیازی نمبروں سے سندِ فضیلت حاصل کی۔ مدرسۃ الاصلاح سے فارغ ہوتے ہی وہ جماعت اسلامی ہند کے رکن بن گئے تھے۔ اس وقت ان کی عمر صرف 25 برس تھی۔

مولانا موصوف کے خطابات اور دروسِ قرآن بہت مؤثر ہوتے تھے۔ ان میں سے بہت سے یو ٹیوب پر اپ لوڈ ہیں۔ ان میں الفاظ کا شکوہ اور بیان کی گھن گرج تو نہیں ہوتی تھی، لیکن ابلاغ و ترسیل کمال کا ہوتا تھا اور ‘از دل خیزد بر دل ریزد’ والا معاملہ ہوتا تھا ۔ وہ تصنیف و تالیف کا بھی عمدہ ذوق رکھتے تھے۔ قرآنیات ، حدیث ، سیرت ، فقہ اور دیگر موضوعات پر ان کی کی کم و بیش پانچ درجن چھوٹی بڑی تصانیف ہیں، جن میں سے بعض کے دیگر زبانوں میں تراجم بھی ہوئے اور انہیں برصغیر ہند و پاک اور دیگر ممالک میں کافی پذیرائی حاصل ہوئی۔ ان میں قرآنی تعلیمات ، آدابِِ زندگی ، داعئ اعظم ﷺ ، آسان فقہ ، روشن ستارے ، شمعِ حرم ، شعورِ حیات ، تذکیر القرآن (تفسیر سورۂ یٰس) تذکیر القرآن (تفسیر سورۂ صف) ، درسِ قرآن ، قرآن کو سمجھ کر پڑھیے ، مطالعۂ قرآن کیوں اور کس طرح؟، تفہیم الحدیث، گلدستۂ حدیث، حدیثِ رسول ﷺ ، استقبالِ رمضان، قیادت کے اوصاف اور امت کی ذمہ داریاں، ختمِ نبوت قرآن کی روشنی میں، عقیدۂ ختم نبوت اور تقاضے ، اسلامی معاشرہ اور اس کی تعمیر میں خواتین کا حصہ، حسنِ معاشرت اور اس کی تکمیل میں خواتین کا حصہ ، خاندانی استحکام ، وغیرہ خصوصیت سے قابل ذکر ہیں۔ مولانا نے دعوتی اسفار بھی بہت کیے ہیں اور برِّصغیر کے ممالک کے علاوہ انگلینڈ ، امریکہ ، جاپان ، آسٹریلیا اور خلیج کے اکثر ممالک میں بھی تشریف لے گئے ہیں۔

مولانا جماعت اسلامی ہند کی مختلف ذمہ داریوں پر فائز رہے۔ وہ کئی میقاتوں سے جماعت کی اعلیٰ اختیاراتی باڈی مجلسِ نمائندگان، مرکزی مجلس شوریٰ اور ریاستی مجلس شوریٰ کے رکن رہے۔ وہ ان کے اجلاسوں میں پابندی سے شریک ہوتے اور اپنے مشوروں سے نوازتے تھے۔

مولانا کی دیگر کتابیں:

۔ قرآنی تعلیمات
۔ تذکیر القرآن (تفسیری سورۂ یٰسین)
۔ تذکیر القرآن (تفسیر سورۃ الصف)
۔ درس قرآن
۔ مطالعہ قرآن کیوں اور کس طرح؟
۔ قرآن کو سمجھ کر پڑھئے
۔ قرآن کیوں پڑھیں اور کیسے پڑھیں؟
۔ تفہیم الحدیث
۔ گلدستۂ حدیث
۔ شمع حرم
۔ حدیث رسولﷺ
۔ رسولؐ کی تعلیم
۔ حضرت محمد رسولؐ اور انسان
۔ اخلاص نیت
۔ ہمارے حکمراں اور ان کی ذمہ داریاں
۔ مقدمہ حشر کے تین وکیل
۔ ہردور کے فتنوں کا علاج قرآن مجید
۔ آسان فقہ، اول، دوم
۔ حج اور اس کے مسائل
۔ مختصر احکام حج
۔ حج وعمرہ گائیڈ
۔ داعیِ اعظمؐ
۔ ذکر رسولﷺ
۔ روشن ستارے
۔ راہ حق کے دو مسافر
۔ حضرت عبداللہ ابن مبارک
۔ آداب زندگی
۔ خاندانی استحکام
۔ حسن معاشرت اور اس کی تکمیل میں خواتین کا حصہ
۔ اسلامی معاشرہ اور اس کی تعمیر میں خواتین کا حصہ
۔ تعمیر معاشرہ کی بنیادیں
۔ اللہ کا پیغام (حیدرآباد میں ۱۳ دن)
۔ جاپان اور پیغام حق
۔ صحیح تصور دین
۔ دین کیا ہے؟
۔ اسلام پیروی رسولﷺ
۔ یاد دہانی
۔ داعیان اسلام سے
۔ ختم نبوت قرآن کی روشنی میں
۔ عقیدہ ختم نبوت اور تقاضے
۔ مسائل اور ان کا حل
۔ برائیوں کے طوفان میں آپ کیا کریں
۔ قیادت کے اوصاف اور امت کی ذمہ داریاں
۔ شعور حیات (اول،دوم و سوم)
۔ عزت کی زندگی اور ہندوستانی مسلمان

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!