اعلیٰ عہدوں پرمسلمانوں کے تقررات کو یقینی بنانے کی ضرورت
آل انڈیا دلت مسلم او بی سی ویلفیئر اسوسی ایشن کے قومی صدر محمد رفیق کی حکومت سے اپیل
یدرآباد: 20/دسمبر (پی آر) آل انڈیا دلت مسلم او بی سی ویلفیئر اسوسی ایشن کے قومی صدرمحمد رفیق اور بانی جہانگیر پاشاہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہاکہ تلنگانہ حکومت مسلمانوں کے ساتھ ہمدردی کا دعویٰ کرتی ہے لیکن دیکھنا میں یہ آرہا ہے کہ حکومت اعلیٰ عہدوں پر مسلمانوں کی نمائندگی کو کم کرتی جارہی ہے۔ اس سے پہلے روایت چلی آرہی تھی کہ پبلک سرویس کمیشن کے کمیٹی میں کم از کم ایک مسلمان رہتا تھا اسے بھی ختم کردیا گیا۔
اعلیٰ عہدوں پر مسلمانوں کی نمائندگی کی کم کرنے کے علاوہ حکومت مسلمانوں کو پچھڑے طبقات میں سب سے پیچھے ڈھکیل رہی ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ فوری ہوش میں آئے اور مسلمانوں کو ان کا حق دے۔ گزشتہ دنوں ٹی آر ایس میں ناراضگیوں کو دور کرنے اور پارٹی کے لوگوں خوش کرنے کیلئے چیف منسٹر کے سی آر نے سرکاری اداروں پر تقررات کا آغاز کردیا ہے۔
چیف منسٹر نے تین مختلف کارپوریشنوں کے صدور نشین کے ناموں کو منظوری دے دی جس کے بعد چیف سکریٹری سومیش کمار نے جی او آر ٹی 2771 جاری کیا۔ ایم کریشنک کو صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ منرل ڈیولپمنٹ کارپوریشن محکمہ انڈسٹریز و کامرس مقرر کیا گیا۔ ڈاکٹر ای سرینواس کو تلنگانہ اسٹیٹ میڈیکل سرویسس انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن محکمہ ہیلت اینڈ فیملی ویلفیر مقرر کیا گیا۔ وی سائی چندر کو صدرنشین اسٹیٹ ویر ہاوزنگ کارپوریشن مقرر کیا گیا۔
محمد رفیق نے مزید کہاکہ حکومت مسلمانوں کے ساتھ بھلائی کرنے کا صرف دعویٰ نہ کرے بلکہ عملی طور پر کام کرکے دکھائے۔ فلاحی اسکیمات پر موثر عمل آوری کے علاوہ اعلیٰ عہدوں پر مسلمانوں کے تناسب کو بڑھانے کے لیے اقدامات کرے۔