حیدرآباد میں اومیکرون پازیٹیو کیسس کا انکشاف، ٹولی چوکی میں گھرگھر سروے اور ٹسٹ کا عمل تیزی سے جاری
حیدرآباد: 16/دسمبر- محکمہ صحت کے عہدیداروں نے شہر حیدرآباد کے ایک رہائشی علاقہ میں چوکسی اختیار کرلی جہاں، بیرونی ممالک کے 2 شہریوں کا اومیکرون ٹسٹ پازیٹیو آیا۔ جی ایچ ایم سی ملازمین کے ساتھ ہیلتھ ورکرس کی ٹیمیں، پیراماونٹ کالونی ٹولی چوکی میں گھر، گھر سروے کررہی ہیں۔ اس علاقہ میں مقیم تمام بیرونی ممالک کے افراد اور ان کے رابطہ میں آئے افراد کی نشاندہی کرنے کا عمل تیزی کے ساتھ جاری ہے اور ان تمام افراد کا ٹسٹ کرانے کی خصوصی مہم شروع کی گئی ہے۔
بلدی اسٹاف نے احتیاطی اقدامات کے حصہ کے طور پر کنٹینمنٹ زون بھی قائم کیا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ کینیا کی 23سالہ خاتون اور صومالیہ کا 24 سالہ نوجوان کا اومیکرون ٹسٹ پازیٹیو آیاہے۔ یہ دونوں، دیگر مسافرین کے ساتھ12دسمبر کو حیدرآباد کے ایر پورٹ پر پہنچے تھے۔ غیر جو کھم ممالک سے آئے مسافرین کو ان کے گھروں کو جانے کی اجازت دے دی گئی تھی تاہم ان کے خون کے نمونوں کو جانچ کے لئے جینوم سیکونیسنگ روانہ کیا گیا تھا۔ چہارشنبہ کے روز ان افراد کی رپورٹس وصول ہوئی جن میں بیرونی ممالک کے 2 افراد کے اومیکرون ویرینٹ سے متاثر ہونے کا انکشاف ہوا۔
بتایا جارہا ہے کہ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے ان دونوں افراد کا پتہ چلالیا جو پیراماؤنٹ کالونی ٹولی چوکی میں مقیم تھے۔ عہدیداروں نے ان دونوں کو ٹمس منتقل کردیا۔ ڈائرکٹر ہیلت ڈاکٹر جی سرینواس راؤ نے بتایا کہ ان دونوں متاثرین کے ربط میں آئے افراد کا آر ٹی پی سی آر ٹسٹ کیا گیا ہے۔ محکمہ صحت کے عہدیدار، کالونی کے اُن دو اپارٹمنٹ میں مقیم تمام افراد کا ٹسٹ کررہے ہیں جہاں اومیکرون پازیٹیو افراد مقیم تھے۔