بیدرضلع بیدر سے

بیدر: مسجد شاہ خاموشؒ میں اجتماع، اقبال الدین انجینئر کاخطاب

اسلام،پاک بازی، حیا، عدل، احسان، راست بازی اور خدا ترسی کی تعلیم دیتا ہے

بیدر: 15/ دسمبر(پی آر) رب کی خوشنودی دراصل ہماری زندگی کا مقصد ہو۔ ہمارا دین انسان کے ظاہر و باطن اور اس کی زندگی کے تمام انفرادی و اجتماعی گوشوں کو محیط ہے۔ اسلام رضائے الہی اور فلاح آخرت کا ضامن ہے۔ ہمیں چاہیے کہ کسی تفریق اور تقسیم کے بغیر اس پورے دین کی مخلصانہ پیروی کریں۔ پنج وقتہ نماز کی ادائیگی ہر عاقل، بالغ مسلمان پر فرض ہے۔ اسی لیے ہمیں چاہیے کہ اپنے بیوی بچوں کی اصلاح کے لیے پوری کوشش کریں۔ ہدایت کا دینے والا اللہ ہے۔ کیوں کہ سورہ تحریم میں فرمان الہی ہے”اے مومنو! اپنے آپ کو اور اپنے اہل و عیال کو دوزخ کی آگ سے بچاؤ“ ان خیالات کا اظہار اقبال الدین انجینئر نے مسجد شاہ خاموشؒ بیدر میں ایک اجتماع سے خطاب کے دوران کہا۔

موصوف نے مزید کہا کہ مادہ پرستی سے باز آنا اس وقت ممکن ہے جب انسان اللہ سے ڈرتے ہوں۔ ہمیں چاہیے کہ نرمی اور در گزر کا طریقہ اختیا ر کریں، معروف کی تلقین کریں اور غیر ضروری لوگوں سے نہ الجھیں۔بے حیائی، بد کاری، اسراف، گھمنڈ، اور حق تلفی برے افعال ہیں۔ جن سے بچ کر زندگی گزارنا چاہیے۔ کیوں کہ اسلام پاک بازی، حیا، عدل، احسان، راست بازی اور خدا ترسی کی تعلیم دیتا ہے۔ اسلام دینِ کامل ہے۔ وہ زندگی کے ہر معاملہ میں ہدایت دیتا ہے۔ اور یہ ہدایت اللہ تعالیٰ کی کتاب ا ور رسول اللہ ﷺ کی سنت میں موجود ہے۔ اس ہدایت کو سمجھنے کے لیے ہم کو قرآن و سنت کی طرف رجوع کرنا چاہیے اور اپنی عقل کا استعمال کر کے ہدایتِ الہی کا فہم حاصل کرنا چاہیے۔

امت مسلمہ کے لیے زندگی کا اصل سر چشمہ قرآن و سنت ہے۔ اسی لیے موجودہ حالات سے مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں رہ نمائی قرآن و سنت سے حاصل کرنی چاہیے۔ پیارے نبی کریم ﷺ کو اللہ نے مقام شفاعت اور درجہ ئبلند عطا فرمایا ہے۔ اور آپ ﷺ سے تمام انسانوں کو محبت کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اور آپ ﷺ کی پیری کو اپنی محبت کی نشانی قرار دیا ہے۔ اسی لیے آپ ﷺ کے ساتھ تعلق خاطر کو پختہ تر کرنے کے لیے آپﷺ کی سیرت کا مطالعہ کرتے ہوئے بھی زندگی گزارنا چاہیے۔ کیونکہ آپ ﷺ کی سیرت طیبہ نام ہے آپ ﷺ کے اقوال و افعال اور اخلاق کریمانہ کا، حضرت عائشہ ؓ فرماتی ہیں ”قرآن کریم ہی آپ ﷺ کا اخلاق تھا“ دعا پر اجتماع کا اختتام عمل میں آیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!