میراروڈ: راشن کارڈ صارفین کے لئے جماعت اسلامی کا ورکشاپ
میرا روڈ: 12/دسمبر(پی آر) حکومت کی راشن دکانوں سے متعلق صارفین کی شکایتوں اور اِن کے ازالہ کے لئے جماعت اسلامی میراروڈ نے ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ اس ورکشاپ میں جوگیشوری سے مشہور سماجی کارکن اور ایم پی جے رضاکار عبدالحسین عرف مشتاق بھائی نے شرکت کی۔ اس ورکشاپ میں مشتاق بھائی نے وہاں موجود ضرورت مند اور پریشان حال خواتین کے سوالات وجوابات دئیے۔
اس موقع پر خواتین نے راشن دکانوں سے متعلق کئی پریشانیوں کا ذکر کیا دکانوں کا دیر سے کھلنا، وقت پر راشن نہیں ملنا ،دکاندار کے ذریعے اُن کو دھکے کھلانا اور مختلف حیلے بہانوں کے ذریعے اُن کا راشن ہڑپ کر لینا دکانوں پر کھلنے اور بند ہونے کے اوقات کا اندراج نہ ہونا طے شدہ مقدار سے راشن دینا وغیرہ جیسی دھاندلیوں کا ذکر کیا۔ اس کے علاوہ بیواؤں نے کہا کہ راشن کارڈ پر جو آمدنی درج ہے وہ بہت پہلے کی ہے جب ان کے شوہرزندہ تھے مگر اب ان کا کوئی ذریعہ آمدنی نہیں ہے پھر بھی انہیں آمدنی کا بہانہ کرکے انہیں راشن دئیے بغیر لوٹا دیا جاتا ہے۔ اس کے علاؤہ چند خواتین کا کہنا تھا کہ ان کے راشن کارڈ پر ممبئی کا پتہ درج ہے اس وجہ سے میراروڈ کی راشن کی دکانوں سے راشن نہیں ملتا ہے۔ مشتاق بھائی نے سبھی سوالات کے تشفی بخش جوابات دئیے۔
انہوں نے تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے تمام مسائل کے حل کی یکسوئی پر توجہ دی انہوں نے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ راشن کارڈ پر درج ایس آر سی نمبر کے ذریعے راشن کارڈ ہولڈر کو حکومت کے ذریعے طے شدہ راشن کی مقدار معلوم کی جا سکتی ہے دکانداروں کی دھاندلی کی شکایت راشن انسپکٹر سے کی جاسکتی ہے اور اس کے علاؤہ آن لائن شکایت بھی درج کی جاسکتی ہے آمدنی کم ہونے پر ایک ہامی پتر بھر کر دیا جاسکتا ہے جس کے بعد راشن شروع ہو سکتا ہے۔ اس موقع پر ایک رضاکار معز پٹیل نے کہا کہ ہمیں متحد ہوکر ان دھاندلیوں کے خلاف لڑائی لڑنے کی ضرورت ہے ورکشاپ میں آن لائن شکایت کرنے کی تربیت دی گئی۔