سید وقارالدین ایڈیٹر روزنامہ رہنمائے دکن کے انتقال پرعلماء، مشائخین و قائدین کا اظہارِ تعزیت
ملت اسلامیہ سچے بہی خواہ اور ہمدرد شخصیت سے محروم: امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمد خان
بیدر/حیدرآباد:11/دسمبر (پی آر/اے ایس ایم) چیف ایڈیٹر روزنامہ رہنمائے دکن و صدر نشین انڈو عرب لیگ جناب سید وقار الدین قادری (المعروف وقار پاشاہ) کے سانحہ ارتحال پر امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمد خان نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے اسے ملت اسلا میہ، اردو صحافت اور شہر حیدرآباد کا عظیم نقصان قرار دیا۔
مولانا حامد محمد خان نے کہا کہ جناب سید وقار الدین نے زندگی بھر ملی مسائل اور امت مسلمہ کے کاز کے لیے انتھک جہدوجہد کی۔ انہوں نے ملک میں مسلمانوں کے مسائل حل کروانے کے لیے جہاں آواز بلند کی وہیں قبلہ اول بیت المقدس کی بازیابی کی بین الاقوامی تحریک کابھی حصہ بنے اور اسی وجہ سے وہ عالم عرب میں بھی قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے اور ان کی خدمات پر انہیں کئی ایک ایوارڈس سے نوازا گیا۔ جوایک بڑ اعزاز ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے اخبار رہنمائے دکن کے ذریعہ اردو صحافت کو بلند مقام عطا کیا۔اور ملی مسائل کے حل کے کو دوٹوک انداز میں آواز بلند کی۔
مولانا حامد محمد خان نے کہا کہ وقار پاشاہ ہمیشہ ہی سے جماعت اسلامی ہند کی سرگرمیوں کو پسند فرماتے اور ہر طرح کے تعاون کے لیے تیار رہتے۔ کئی ایک ذمہ دارانِ جماعت کے ساتھ ان کے قریبی مراسم تھے۔ ان کی رحلت سے ملت اسلامیہ سچے بہی خواہ اور ہمدرد شخصیت سے محروم ہوگئی۔
مولانا حامد خان نے کہا کہ جناب وقار پاشاہ غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل شخص تھے،ساتھ ہی انتہائی منکسر المزاج، اعلیٰ ظرف اورمہمان نواز تھے۔مولانا حامد خان نے کہا کہ مرحوم وقار پاشاہ کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔امیر حلقہ نے اپنے دعائیہ کلمات میں کہا کہ اللہ تعالی ان کی بے لوث خدمات کو قبول فرمائے اورانکی مغفرت کا سامان کرے جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا کرے اور ملت اسلامیہ کو انکا بہترین نعم البدل عطا فرمائے۔
سید وقار الدین قادری کا سانحہ ارتحال اردو صحافت کا عظیم نقصان: ناظم شہر جماعت اسلامی ہند گریٹر حیدرآباد حافظ محمد رشاد الدین
حافظ محمد رشاد الدین ناظم شہر جماعت اسلامی ہند عظیم تر حیدرآبادنے اپنے صحافتی بیان میں چیف ایڈیٹر روزنامہ رہنمائے دکن و صدر نشین انڈو عرب لیگ جناب سید وقار الدین قادری کے سانحہ ارتحال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ملت ایک بے باک اور مخلص شخصیت سے آج محروم ہوگئی وہیں اردو صحافت کو بھی بڑا نقصان پہنچاہے۔
ناظم شہر حافظ محمد رشاد الدین نے کہا کہ مرحوم جناب وقار پاشاہ نے اپنی پوری زندگی اردو صحافت کی ترقی و ترویج میں لگادی ساتھ ہی ان کی ملی خدمات بھی ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ خصوصاً انہوں نے انڈو عرب لیگ کے قیام اور مختلف ممالک کے سفیروں کو حیدرآباد مدعو کرتے ہوئے مختلف سیمینارس ا ور عظیم الشان جلسہ منعقد کئے اور تحریک بیت المقدس کو آگے بڑھانے میں ہرممکنہ کوشش کی اور اپنے ملک کی حکومتوں کو بھی فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی تائید کروانے اور انکے کے لئے آواز بلند کرنے پر آمادہ کیا۔
حافظ محمد رشاد الدین نے دعا کی اللہ تعالی مرحوم کی ان تمام نیک اعمال کو شرف قبولیت عطا فرمائے،کوتاہیوں کو درگذر فرمائے اور جنت میں اعلی مقام عطا فرمائے اور ملت کو نعم البدل عطا فرمائے۔
بیدر کے علماء مشائخین و قائدین کاتعزیتی بیان
حافظ سید عمر ہاشمی بانی ناظم جامعہ ہاشمیہ بیدر، مولانا مفتی سید سراج الدین نظامی، مولانا مفتی محمد خواجہ معین الدین نظامی، مولانا مفتی محمد فیاض الدین نظامی، حافظ نظیر احمد شرفی، مولانا بشیر الدین نظامی، شاہ موسیٰ محی الدین قادری ایڈوکیٹ، شاہ شمس الاسلام کنج نشین، سید شاہ عزیز اللہ علوی،سید شاہ نقی حسینی، محمد عبدالصمد بہمنی انٹر پرائزس، سید غالب ہاشمی،شاہ سیف السلام کنج نشین، سید طلحہٰ ہاشمی ایڈوکیٹ، محمدفراست علی ایڈوکیٹ، محمد عبدالسلیم سجادہ نشین، سید سرفراز ہاشمی ایڈوکیٹ، محمد غوث قریشی، شیخ علیم الدین پروپرائٹرالفاء ہوٹل، محمد عرفان پٹھان، محمد اسلم سیٹھ سوداگر اعظم سویٹ ہاؤس چٹگوپہ نے اپنے تعزیتی بیان میں جناب سید وقارالدین قادری چیف ایڈیٹر رہنمائے دکن و صدر نشین انڈو عرب لیگ کے سانحہ ارتحال پر اپنے شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا انتقال ملت کے لئے ایک عظیم نقصان ہے۔
جناب سید وقار الدین نے مئسلہ فلسطین کے حل کے لئے ہند و عرب ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط و مستحکم بنانے کے لئے انڈو عرب لیگ کے ذریعہ جو خدمات انجام دئے اسے فراموش نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ جناب وقارالدین انتہائی ملنسار خوش اخلاق اور بے باک صحافی تھے، جن کی خدمات نا قابل فراموش ہیں۔اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے اور ان کے درجات بلند کرے اور ان کے افراد خاندان، تمام اسٹاف رہنمائے دکن اور نمائندگان کو صبر بر داشت کر نے کی توفیق عطاء فرمائے۔ جناب محمد ظفر اللہ خان مدرس نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ مرحوم ایڈیٹر رہنمائے دکن کی روح کو علیٰ علین میں مقام عطاء فرمائے اور میڈیا کی دنیا کو ان کا بہتر بدل نصیب فرمائے۔آمین
سید وقار الدین کا انتقال ایک عہد کا خاتمہ: سینئر صحافی عزیز اللہ سرمست گلبرگہ
ہندوستان کے قدیم ترین اخبار روز نامہ رہنمائے دکن کے چیف ایڈیٹر سید وقار الدین صاحب کے سانحہ ارتحال پر سینئر صحافی عزیز اللہ سرمست ایڈیٹر روز نامہ کے بی این ٹائمز گلبرگہ نے گہرے رنج وملال کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سید وقار الدین صاحب کا انتقال بلاشبہ ایک عہد کا خاتمہ ہے۔ انہوں نے اپنے ایک تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ سید وقار الدین صاحب کے انتقال سے اردو صحافت اور فلسطین کے کاز کو عظیم نقصان پہنچا ہے۔
عزیز اللہ سرمست نے مزید کہا ہے کہ سید وقار الدین صاحب کا انتقال ایسے وقت ہوا ہے جب کہ روز نامہ رہنمائے دکن اپنی پہلی صدی کے جشن کا اہتمام کرنے والا تھا۔ سید وقار الدین صاحب نے 1966میں اپنے بڑے بھائی سید لطیف الدین قادری کے ساتھ رہنمائے دکن کو حاصل کیا تھا۔ان دونوں برادران نے رہنمائے دکن کو ہندوستانی مسلمانوں کا ترجمان بنایا۔ایک طرف انہوں نے اردو صحافت کے معیار کو بلند کیا تو دوسری طرف اردو اور ملی تحریکات کا رہنمائے دکن کو ترجمان بنایا۔سید وقار الدین صاحب نے فلسطین میں امن کی برقراری اور فلسطین کے کاز کے لئے غیر معمولی جدوجہد کی۔
عزیز اللہ سرمست نے مزید کہا ہے کہ ان کے سید وقار الدین سے نہا یت قریبی اور دیرینہ روابط رہے۔سید وقارالدین صاحب ہمیشہ ان سے محبت اور شفقت کے ساتھ پیش آتے۔ انہوں نے دعا کی ہے کہ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام حاصل ہو۔