آئین کی حفاظت اب تبدیلیٔ اقتدار سے ہی ممکن: مایاوتی
مایاوتی نے ڈاکٹر امبیڈکر کے پرینیروان دیوس پر کہا کہ ’’برابری کے اصولوں پر مبنی آئین آج بحران کی حالت میں ہے، مرکز اور یوپی میں تبدیلی اقتدار سے ہی آئین کو موجودہ بحران سے بچایا جا سکتا ہے۔
لکھنؤ: بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی صدر مایاوتی نے آئین ساز ڈاکٹر بھیم راو امبیڈکر کی 66 ویں برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین کی حفاظت اب تبدیلی اقتدار سے ہی ممکن ہے اور اس بات کو دھیان میں رکھتے ہوئے دلت سماج کو اقتدار کی کنجی اپنے ہاتھوں میں لینا وقت کی مانگ ہے۔
مایاوتی نے ڈاکٹر امبیڈکر کے پرینیروان دیوس پر یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ برابری کے اصولوں پر مبنی آئین آج بحران کی حالت میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اور اترپردیش میں اب تو تبدیلی اقتدار سے ہی آئین کو موجودہ دور میں بحران سے دو چار ہونے سے بچایا جا سکتا ہے۔
مایاوتی نے کہا کہ دلت سماج کو اپنے حقوق حاصل کرنے کے لئے اقتدار کی چابی اپنے ہاتھوں میں لینی پڑے گی۔ انہوں نے بابا صاحب کی کوششوں کو یاد کرتے ہوئے بی ایس پی کارکنان سے اترپردیش کے آئندہ انتخابات میں پارٹی کو جتانے کے لئے لگنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 2022 میں بی ایس پی 2007 سے بھی مضبوطی سے الیکشن جیت کر حکومت بنائے گی۔
اترپردیش کی سابق وزیراعلی مایاوتی نے سماج وادی پارٹی (ایس پی) کی پہلے کی حکومتوں میں انتشار کا غلبہ ہونے کی یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا کہ ایس پی کتنے بھی اتحاد کر لے لیکن اترپردیش کے عوام ایس پی کی حکومت میں غنڈہ راج کو بھولے نہیں ہیں۔ اس سے پہلے مایاوتی نے بی ایس پی جنرل سکریٹری ستیش چندر مشر کے ساتھ امبیڈکر یادگار پر جا کر بابا صاحب کو خراج عقیدت پیش کیا۔