بسواکلیان میں ‘محمد ﷺ کا پیغام’ موضوع پر خصوصی پروگرام کا کامیاب انعقاد
اپنے رب کے سوا کسی کی عبادت نہ کریں اللّٰہ تعالیٰ انسانوں سے بہت محبت کرتا ہے: محمّد کنہی سیکریٹری حلقہ جماعت اسلامی کرناٹک
بسواکلیان: 2/دسمبر (ایم این) رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ہے کہ آپ سب اپنے رب کے سوا کسی کی عبادت نہ کریں۔ اپنے خالق کو پہچانیں، اللہ ہم سے بہت محبت کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار کنڑ زبان میں جناب محمد کنی صاحبِ، سیکریٹری حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ کرناٹک نے بسواکلیان کے ورشا پیالیس فنکشن ہال میں منعقدہ سیرت سمپوزیم سے کیا۔ یہ سمپوزیم محمد ﷺ کا پیغام عنوان کے تحت برادران وطن کےلئے منعقد کیا گیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک انسان دوسرے انسان کی عزت کرے، ایک دوسرے کے سکھ دکھ میں شریک ہونے کی تعلیم اللہ کے رسول نے دی ہے۔ اس موقع پر شری گھانالنگیشور ردرمنی سوامی تریپورانت مٹھ اور ڈاکٹر جیشن پرساد ریونپا نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر فادر باپو کوڈیال چرچ، مولانا نجم الدین حسن عمری گلبرگہ، اور محمّد اکرم علی ناظم ضلع جماعت اسلامی ہند بیدر، شہ نشین پر موجود تھے۔ ذوالفقار احمد چابکسوار مہم کنوینر نے اظہار تشکر پیش کیا۔ ذبیح جھاریگر نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔ حافظ و قاری اظہارالحق نے قرات کلام پاک پیش کیا۔ کلیم عابد منصوری امیر مقامی نے افتتاحی و استقبالیہ کلمات پیش کئے۔
اس موقع پر منتخب برادران وطن اور ملت کے معزز مرد و خواتین شریک تھے۔ کنڑ اور مراٹھی زبان میں ترجمہ قرآن اور اسلامی لٹریچر لیتے ہوئے دیکھے گئے۔ اِس پروگرام کو خصوصی طور پر یوٹیوب اور فیس بک کے ذریعہ سینکڑوں افراد نے دیکھا۔