ہندو شدت پسندوں نے مسلم نوجوان کی پٹائی کرکے ’جے شری رام‘ کا نعرہ لگوایا
ہریانہ کے گروگرام واقع صدر بازار علاقہ میں مذہبی ٹوپی پہننے پر مسلم نوجوان کی کچھ ہندو شدت پسند لوگوں نے پٹائی کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ عالم نامی نوجوان مسجد سے نماز پڑھ کر آ رہا تھا۔ اسی دوران پانچ چھ لوگوں نے اسے روک لیا۔ ملزمین نے ٹوپی اتارنے کے ساتھ عالم سے ’جے شری رام‘ کا نعرہ لگانے کے لیے کہا۔ پولس نے اس سلسلے میں ایف آئی آر درج کر لیا ہے۔
عالم نے اس تعلق سے پولس میں شکایت دی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ ’’ملزمین نے مجھے دھمکی دی اور کہا کہ علاقے میں ٹوپی پہننے کی اجازت نہیں ہے۔ انھوں نے ٹوپی اتار لی اور مجھے تھپّڑ مارا۔ انھوں نے ’بھارت ماتا کی جے‘ کا نعرہ لگانے کے لیے کہا۔ ان کے کہنے پر میں نے نعرہ لگایا۔ اس کے بعد ملزمین نے مجھے ’جے شری رام‘ بولنے کے لیے بھی مجبور کیا، لیکن اس سے میں نے انکار کر دیا۔ اس کے بعد ملزمین نے لاٹھی سے میری پٹائی کی۔‘‘