سید وقارالدین ایڈیٹر روزنامہ رہنمائے دکن حیدرآباد کیلئے دعائے صحت کی اپیل: امیرحلقہ حامد محمد خان
حیدرآباد: 24/نومبر (پی این) حامد محمد خان امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ اور محمد اظہرالدین سکریٹری حلقہ شعبہ رابطہ عامہ نے اولیو ہاسپٹل پہنچ کر سید وقار الدین ایڈیٹر روزنامہ رہنمائے دکن حیدرآباد و صدر انڈوعرب لیگ کی عیادت کی اور موصوف کی صحت یابی کے لئے رخت آمیز دعا کی۔ اس موقعہ پر امیر حلقہ نے بتایا کہ ملی مسائل اور اُمت مسلمہ کے کاز کے لئے سید وقار الدین کی غیر معمولی خدمات ہیں۔
موصوف نے اردو اخبارروز نامہ رہنمائے دکن حیدرآباد کے ذریعہ مسلمانوں کے مسائل کو بے باکانہ انداز میں پیش کیا اور اہل اقتدار کی آنکھ سے آنکھ ملا کر مسلمانوں کے حقوق کے لئے جد وجہد کی اور بے شمار مسائل کو حل کروایا اور بین الاقوامی سطح پر بھی فسلطین کے مظلوم مسلمانوں کے حق کے لئے بھی انتھک جد وجہد کی۔
امیر حلقہ حامد محمد خان نے عامتہ المسلمین سے خصوصی اپیل کی کہ وہ سید وقار الدین صاحب کی مکمل اور جلد صحت یابی کے لئے بارگاہِ رب العزت میں خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں۔