اترپردیشریاستوں سے

عام آدمی پارٹی بھی سماجوادی پارٹی سے اتحاد کو تیار! سنجے سنگھ کی اکھلیش سے ملاقات

عام آدمی پارٹی کے لیڈر سنجے سنگھ نے آج سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو سے ملاقات کی، جس کے بعد دونوں پارٹیوں کے اتحاد کے حوالہ سے بحث شروع ہو گئی ہے

لکھنؤ: اتر پردیش میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے حوالہ سے جاری سرگرمیوں کے درمیان کئی سیاسی اتحاد وجود میں آ رہے ہیں۔ آر ایل ڈی کے سربراہ جینت چودھری پہلے ہی اکھلیش یادو کے ساتھ اتحاد کر چکے ہیں اور عام آدمی پارٹی کے لیڈر سنجے سنگھ نے بھی اکھلیش یادو سے ملاقات کی ہے، جس کے بعد یہ قیاس لگائے جا رہے ہیں کہ عام آدمی پارٹی بھی سماجوادی پارٹی کے ساتھ اتحاد کرنے جا رہی ہے۔ سنجے سنگھ نے اکھلیش یادو کے ساتھ آج تقریباً ایک گھنٹے تک ملاقات کی۔

سنجے سنگھ عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ہونے کے علاوہ پارٹی کے یوپی کے انچارج بھی ہیں۔ سنجے سنگھ اور اکھلیش یادو کے درمیان یہ تیسری ملاقات تھی۔ تقریباً دو مہینے پہلے بھی دونوں لیڈران نے ملاقات کی تھی اور اس کے بعد دونوں رہنما ملائم سنگھ یادو کے یوم پیدائش کے موقع پر بھی ملے تھے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سنجے سنگھ نے لوہیا ٹرسٹ کے دفتر میں اکھلیش یادو سے ملاقات کی۔ آج تک کی رپورٹ کے مطابق دونوں کے بیچ اتحاد کے تعلق سے بھی تبادلہ خیال ہوا۔ کئی مواقع پر بات چیت کرنے کے باوجود فی الحال دونوں پارٹیوں میں سیٹوں کی تقسیم پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہو پایا ہے۔

اکھلیش یادو نے جینت چودھری سے ملاقات کر کے گزشتہ روز ہی سیٹوں کی تقسیم پر حتمی فیصلہ لیا ہے۔ تاہم، اس کا باضابطہ اعلان ابھی تک نہیں کیا جا سکا ہے۔ دریں اثنا، ذرائع کے حوالہ سے خبر ہے کہ 23 دسمبر کو چودھری چرن سنگھ کے یومِ پیدائش کے موقع پر سماجوادی پارٹی اور آر ایل ڈی ایک مشترکہ اجلاس کا انعقاد کرنے جا رہی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!