وقف بورڈ کی جانب سے اوقافی املاک کاتحفظ اوران کی ترقی لازم ہوناچاہئے : تنویرہاشمی
بیدر: 24/نومبر (اے ایس ایم) حالات چاہے جس قدر متاثرہوں بہرصورت اوقافی املاک کاتحفظ اور ان کی ترقی لازم ہوناچاہئے۔ نیز وقف بورڈ کی جانب سے اتحاد بین المسلمین کے جذبہ کو ہمیشہ فروغ دینے کی کوشش ہونی چاہئے۔ محراب ومنبر کا استعمال امت کو جوڑنے کے لیے ہو اور ہر طرح کے اختلافات سے وقف بورڈ کو بچایاجائے تاکہ مسلمانوں کے اس واحد معتبر ادارے کا تحفظ کیاجاسکے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اہل سنت کرناٹکا کے صدر مولانا سید محمد تنویر ہاشمی نے صوبائی وقف بورڈ کے نومنتخب چیرمین مولانا شافعی سعدی سے ملاقات کے دوران کیا۔
مولانا شافعی سعدی جماعت اہل سنت کرناٹکاکے دفتر میں الحاج ریاض خان صاحب رکن صوبائی وقف بورڈ کے ساتھ صدر جماعت اہل سنت کرناٹکاسے ملاقات کے لیے حاضر ہوئے۔ اس اہم ملاقات میں ریاستی وقف بورڈ کو درپیش کئی مسائل پر گفتگو ہوئی، بالخصوص ائمہ مساجد ومؤذنین کی تنخواہوں میں اضافہ، اوقافی اداروں کا نامکمل سروے کو مکمل کرنا، ضلعی سطح پر اوقافی املاک کے تحفظ کے لیے اقدام کرنا، نیز اداروں کی کمیٹی میں پیداہونے والے اختلافات کوباہمی مشاورت سے حل کرنا، حتی المقدور انہیں کورٹ جانے سے گریز کرنے کی سعی کرنا اورپورے صوبہ میں اوقافی اداروں کی آمدنی مسلمانوں کی تعلیم اور صحت پر خرچ کرنا جیسے اہم امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
مولانا شافعی سعدی اور الحاج ریاض خان صاحب نے یقین دلایا کہ وہ پورے اخلاص کے ساتھ وقف بورڈ اورمسلمانان کرناٹکا کی خدمت کرتے رہیں گے۔ اخیر میں صدر جماعت نے دونوں حضرات کی گل پوشی کی اور دعاؤں سے سرفراز فرمایا۔