خواتین پر تشدد کے تدارک کا دن، عملی اقدامات ناگزیر
آل انڈیا دلت مسلم او بی سی ویلفیئر اسوسی ایشن کے قومی صدر محمد رفیق کی اپیل
حیدرآباد: 24/نومبر(پی آر) آل انڈیا دلت مسلم او بی سی ویلفیئر اسوسی ایشن کے قومی صدرمحمد رفیق، بانی جہانگیر پاشاہ اور نیشنل سکریٹری محمد رمضان علی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ دنیا بھر میں خواتین پر تشدد کے خاتمہ کا عالمی دن 25 نومبر کو منایا جاتا ہے۔ اس دن کے منانے کا مقصد خواتین پر گھریلو تشدد، جسمانی تشدد اور ان کے مسائل کے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے۔ اس دن کے حوالہ سے ملک بھر میں خواتین حقوق کے لئے سرگرم سماجی تنظیموں کے زیر اہتمام مذاکرے، سیمینارز، واک اور مختلف تقریبات کا انعقاد ہوتاہے۔ خواتین پر تشدد کے خاتمہ کے عالمی دن کا آغاز اقوام متحدہ کے زیراہتمام جنرل اسمبلی کی ایک قرارداد کی منظوری کے بعد 1999ء میں ہوا جس کے بعد ہر برس 25 نومبر کو دنیا بھر میں خواتین پر تشدد کے خاتمہ کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔
ایک عالمی ادارہ کی رپورٹ کے مطابق خواتین پر تشدد تہذیب یافتہ دنیا کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، دنیا بھر میں ہر 6 میں سے ایک عورت کو مرد کے تشدد کا نشانہ بننا پڑتا ہے۔جب کہ خواتین پر مظالم کوکوئی بھی پسند نہیں کرتا۔ تمام مذاہب میں خواتین کے ساتھ صلہ رحمی کا معاملہ کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔ اقوام متحدہ کو خواتین پرمظالم کو دیکھتے ہوئے یہ دن منا پڑرہا ہے۔
آج سے دنیا بھر میں جنس کی بنیاد پر تشدد اور اس سے منسلک مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے 16 روزہ مہم کا بھی آغاز ہو رہا ہے۔ اس مہم کو ’سکسٹین ڈیز آف ایکٹیوزم‘ کہا جاتا ہے۔ اس مہم کا خاتمہ دس دسمبر کو ہوتا ہے جو انسانی حقوق کا عالمی دن ہے۔ یہ اپنے آپ میں ایک نکتہ ہے تاکہ دنیا خواتین کو بھی انسان سمجھے اور انہیں وہ تمام حقوق دے جو انسانوں کو ملتے ہیں۔ ہم تو پتہ نہیں عورتوں کو انسان بھی سمجھتے ہیں یا نہیں۔خواتین کی عصمت ریزی ہو یا کوئی اور ظالم اس کی مذمت کی جانی چاہئے۔
خواتین کو بھی چاہیے کہ وہ اس دن کو اپنے لیے بہتر بنانے کی کوشش کرے۔ ان 16 دنوں میں ایک کریش کورس کریں، سب سے پہلے تو بغیر کسی تعصب کے اپنا جائزہ لیں۔ اپنے اردگرد موجود خواتین کے ساتھ اپنا رویہ دیکھیں، کچھ غلط محسوس ہو تو اسے ٹھیک کرنے کی کوشش کریں، اب چاہے وہ ان سے نرم لہجے میں بات کرنا ہی کیوں نہ ہو۔ آپ کا ایک چھوٹا سا قدم ان کی زندگی میں ایک بڑی تبدیلی لا سکتا ہے اور یقین مانیں وہ اس سے زیادہ کچھ چاہتی بھی نہیں ہیں۔
آل انڈیا دلت مسلم او بی سی ویلفیر اسوسی ایشن کے قومی صدرمحمد رفیق نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ خواتین پر مظالم کو جہاں پر دیکھیں اس کی مذمت کریں اور اس دن کو خواتین کے لیے بہتر بنانے کی سعی کریں۔